سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کھلی کچہری کاانعقاد

پیر 15 جولائی 2019 23:35

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر ضلع خیرپور بھر کے آٹھوں تعلقوں میں سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ، ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے مشترکہ تعاون سے سول اسپتال خیرپور کے لیکچر ہال میں کھلی کچہری کاانعقاد کیا گیا ۔

کھلی کچہیری میں ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مہدی رضا، ایم ایس اسپتال ڈاکٹر کلیم اللہ میمن، اے سی خیرپور مرزا ولید بیگ ، شجاعت احمد صدیقی، خیرپور بار ایسوسی ایشن کی وائس پریزیڈنٹ خورشید سہتو، ڈاکٹر شریف پنہور سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریضوں اور دیگر آنے والوں جن میں مظہر ابڑو، نظام الدین مری، حبدار علی، جہانگیر عباسی، صدر خاتون سمیت دیگر افراد نے شکایات کیں کہ اسپتال میں حفاظتی انتظام سخت کیے جائیں ، ایمرجنسی وارڈ کے باہر رضاکار متعین کیے جائیں ، ایکسرے لیبارٹری میں تربیت یافتہ اسٹاف کی ضرورت ہے ، انتہائی نگہداشت یونٹ میں اضافہ کرکے ان کے بیڈز بڑھائے جائیں جبکہ مقررہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے ۔

کتے کے کاٹے سے بچائو کے انجکشن دستیاب کرائے جائیں۔ ان شکایات پر ڈی سی خیرپور محمد نعیم سندھو نے کہاکہ ضلع بھر میں مریضوں اور دیگر متاثرین کو فوری رلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں ہدایات جاری کیں ہیں ۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ہر آنے والی مریض کو کتے کے انجکشن فراہم کیے جائیں ایمرجنسی وارڈ کے باہر رضاکار مقرر کیے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی ایمرجنسی یونٹ میں بیڈز میں اضافہ کرکے 20 بیڈز اور اس کی عمارت کو بھی وسیع کیا جائے گا ۔ ڈی سی خیرپور نے ایمرجنسی وارڈ کو دورہ کیا اور دورے کے دوران مریضوں کو دی جانے والی صحت کی سہولیات اور ادویات کی میسری کے بارے میں مریضوں سے معلومات حاصل کی اس موقع پر انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ ایمرجنسی وارڈ میں 24 گھنٹے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہم وقت دستیابی کے لیے ثانوی حیثیت میں چیک کیا جائے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی غیر حاضری اور غفلت کی رپورٹ ملی اس کے خلاف غیر جانبدارانہ طور پر صحت ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اس موقع پر ڈی سی خیرپور نے ٹیم کے ساتھ اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور مریضوں سے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں تفصیل سے معلومات حاص کیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں