میئر سکھر کا محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف انجینئر اور ایکسین کیساتھ اجلاس ، مون سون کے دوران بارشوں سے پیدا ہونیوالی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:25

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف انجینئر شمس الدین شیخ اور ایکسین احسان چوہان کیساتھ اجلاس کیا، جس میں مون سون کے دوران بارشوں سے پیدا ہونیوالی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ‘ میونسپل کمشنر پیر واحد بخش ‘ ایکسین سہیل احمد میمن ‘ پی آر او پیر عطاء الرحمن خان ‘ ایس پی او عابد علی انصاری ‘ چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر جاوید اختر ‘ ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی سمیت دونوں تعلقوں کے مختیار کاروں غلام رسول گھنیو اور انیس الرحمن نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینئرز کو بارشوں کے دوران بلدیہ کی جانب سے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایک جوائنٹ ٹیم تشکیل دے دیتے ہیں جو تمام ڈرینج اسٹیشنز پر قابل ااستعمال ‘ قابل مرمت اور مطلوبہ مشینریز ‘ پمپس اور جنریٹرز وغیرہ کا معائنہ کر کے رپورٹ پیش کرے تاکہ بارشوں سے قبل مطلوبہ مشینری ڈرینج اسٹیشنز کو مہیا کی جاسکیں جبکہ بارشوں کے دوران بھی یہی ٹیم مشترکہ طور پر کام کریگی جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف انجینئر شمس الدین شیخ نے اتفاق کیا اور کل بروز اتوار کو ایک اور نشست رکھنے کی تجویز دی تاکہ مطلوبہ مشینریز کی خریداری کا فیصلہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے تمام میونسپل افسران کو کل بروز اتوار کو ہونیوالی میٹنگ میں شرکت کی پابندی کی ہدایت کی ہے۔ بعد ازاں میئر سکھر نے میونسپل کی نئی تعمیر ہونیوالی بلڈنگ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ‘ میئر نے بلڈنگ کے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایکسین سہیل میمن کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں