کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے دریائے سندھ کے بائیں کنارے دھان کی کاشت پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

جمعہ 23 اگست 2019 19:51

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے دریا ء سندھ کے بائیں کنارے دھان کی فصل اگانے پر لگائی گئی پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سب کو واضح پیغام ہے کہ دھان کی فصل کی کاشت کرنے والوں کو گرفتار کرکے ایف آئی آر داخل کی جائے، اس سلسلے میں کوئی بھی بہانہ نہیں سنا جائیگا ۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنی آفس کے کانفرنس ہال میں دھان کی کاشت پر نافذدفعہ 144پر عملدرآمد کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، روینیو، آبپاشی، زراعت و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ دریائے سندھ کے بائیں کنارے دھان کی کاشت پر مکمل طور پر پابندی ہے، کچھ علاقوں میں دھان کی کاشت کے معاملے کا وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں سخت کاروائی کاحکم دیا ہے اور حکومت کا واضح پیغام ہے کہ پابندے کے وعلاقوں میں دان کاشت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے زراعت اور محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ جہاں بھی دھان کے فصل کا بیج نظر آئے فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو اطلاع کرکے ایسی نشاندہی کی جائے انہوں نے ہدایت کی کہ دھان کا بیج تباہ کیا جائے۔ کمشنر سکھر نے ایریگیشن افسران کو ہدایت کی کہ پابندی کے علاقوں میں جہاں بھی دھان کی کاشت ہو رہی ہے ان علاقوں میں پانی بند کیا جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ دھان کی کاشت پر پابندی اور عملدرآمد کے سلسلے میں رپورٹ پیش کی جائے۔ اس سے قبل ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع سکھر میں دھان کی کاشت کرنے والے 5افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جبکہ روہڑی صالح پٹ اور پنوعاقل تعلقوں میں اگائی گئی دھان کی بیج تلف کی گئی ہے۔ ڈی سی گھوٹکی خالد سلیم نے بتایا کہ تعلقہ خانپور اور خان گڑھ کی 4دیہوں یں دھان کی کاشت کی شکایات موصول ہوئی ہیں جہاں کاروائی کی جارہی ہے۔

ڈی سی خیرپور محمد نعم سندھو نے بتایا کہ گمبٹ تعلقہ میں 66افراد کے خلاف دھان کی کاشت کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جبکہ تعلقہ خیرپور میں ایک ایکڑ، کنگری میں تین ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل کو تلف کیا گیا ہے ایسی طرح میرواہ اور فیض گنج تعلقوں میں بھی 3-3افراد کے خلاف کیس داخل کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں