یکم محرم الحرام سے قبل سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بلدیاتی سہولیات کے منظم انتظام کو حتمی شکل دے دی جائے گی، میئر سکھر

ہفتہ 24 اگست 2019 23:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ یکم محرم الحرام سے قبل سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پوری استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے صفائی ستھرائی ‘ نکاسی و فراہمی آب ‘ لائٹنگ سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کے منظم انتظام کو حتمی شکل دیدی جائیگی ‘ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی شہر کے اہم مقامات پر خوبصورت سبیلیں لگائی جائینگی جبکہ چوراہوں پر حدیثوں پر مبنی پینا فلیکس بھی نصب کئے جائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میئر ہائوس میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ شیعہ علماء کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اجلاس میں سید عالم شاہ موسوی ‘ صابر حسین شاہ ‘ کاظم علی شاہ ‘ گلزار شاہ موسوی ‘ نصرت زیدی ‘ سید ریاض شاہ نبی بخش ‘ یاسین لاکھو ‘ علی بخش بھنبھرو ‘ سمیت دیگر علماء کرام اور امام بارگاہوں کے عہدیداران نے شرکت کی جبکہ میٹنگ میں میونسپل افسران پیر عطاء الرحمن خان ‘ عابد علی انصاری ‘ فیاض میمن ‘ خالد جتوئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سید صابر حسین شاہ ‘ کاظم علی شاہ و دیگر شرکاء نے گزشتہ سال محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر میئر سکھر سمیت بلدیہ افسران کو خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر نکاسی آب کی صورتحال ابتر ہے جبکہ امام بارگاہوں کے باہر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے انتظامات میں بھی بہتری کی ضرورت ہے ‘ یکم محرم الحرام سے 13 محرم الحرام تک بر آمد ہونے والے مختلف جلوسوں کیلئے صاف پانی کی ضرورت ہے لہٰذا میونسپل کارپوریشن مختلف مقامات پر واٹر ٹینکر مہیا کرے تاکہ عزاداران امام حسین? کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس کے شرکاء کو میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام سے قبل تمام مسائل حل کرلئے جائیں گے جبکہ مسائل کے حل اور علمائ کرام سے رابطوں کیلئے انہوں نے پبلک ریلیشن آفیسر پیر عطاء الرحمن کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔ انہوں نے میٹنگ کے شرکاء کو آگاہی دیتے ہوئے مزید کہا کہ پرانا سکھر سمیت دیگر علاقوں میں جاری فراہمی آب کی اسکیمیں مکمل ہونے میں چند ماہ درکار ہیں ‘ اسکیمیں مکمل ہونے سے نکاسی آب کے حوالے سے تمام شکایات مستقل طور پر حل ہوجائیںگی ‘ گزشتہ ادوار میں پلاننگ کے بغیر کام کئے گئے جس کا خمیازہ ہمیں آج بھگتنا پڑرہا ہے ‘ ہم نے پوری پلاننگ کے ساتھ کام شروع کیا لہٰذا تھوڑا وقت لگے گا مگر مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 13 کروڑ روپے کی ایک نئی اسکیم بھی منظور کروالی گئی ہے۔میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس موقع پر میونسپل افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افسران علماء کرام سے رابطہ میں رہیں اور تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں