قومی شاہرائوں اور موٹر ویز پر موٹر وے پولیس کی جانب سے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی مہم جاری

جمعرات 10 اکتوبر 2019 20:12

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) ملک میں مسافر گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی ساتھ ریجن خالد محمود کی خصوصی ہدایت پر ملک میں قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر موٹر وے پولیس کی جانب سے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی اور حادثات سے بچاؤ سے متعلق خصوصی طور پر رات کے وقت بریفنگ دی جارہی ہے، اسی سلسلے میں ڈی آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی ہدایت پر ہالانی سے کوٹ سبزل تک قومی شاہراہ پر سیکٹر کمانڈر موٹر وے سکھر یونس خان کی زیر نگرانی مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو موٹر وے پولیس کی جانب سے خصوصا رات کے اوقات میں مختلف جگہوں پر ان کا ہاتھ منہ دھلایا جارہا ہے اور انہیں چبانے کے لئے چیونگم دی جارہی ہے، جس کا مقصد ڈرائیوروں کو دوران ڈرائیورنگ چاق و چوبند بنانا ہے، جبکہ ڈرائیوروں کے لائسنس بھی چیک کیے جارہے ہیں اور ویلڈ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے ایسے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرخیرپور بائی پاس پر دوران مہم سیکٹر کمانڈرسکھر یونس خان کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موٹر وے پولیس مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خصوصا رات کے اوقات میں چاق و چوبند رکھنے کے لئے ایسی مہم کا انعقاد کررہی ہے، جس سے حادثات پر نمایاں طور پر قابو پایا جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا ذہنی و جسمانی طور پر فٹ ہونا انتہائی ضروری ہے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے کرم آباد خالد محمود نواز بھی سیکٹر کمانڈر کے ہمراہ تھے۔دوسری جانب مسافروں نے موٹر وے پولیس کی مذکورہ مہم کو سراہاتے ہوئے موٹر وے پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ ایسی مہم کا جاری رہنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ جان لیوا حادثات سے بچا ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں