ہینڈز پاکستان کے زیر اہتمام ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:34

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) حکومت سندھ اور عالمی ادارہ یونیسیف کے مشترکہ تعاون سے سماجی تنظیم ہینڈزپاکستان کے زیر اہتمام ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے موقع پر پولی ٹیکنیک کالج گمبٹ میںآگاہی سیمینار منعقد ہوا، سیمینار میں مہمان خاص اسسٹنٹ کمشنر گمبٹ اظہر لغاری تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اظہر لغاری نے کہا کہ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مختلف بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ معاشرے میں صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دی جائے اور دیہاتیوں سمیت شہری عوام کو کھانہ کھانے سے قبل، بیت الخلاء جانے کے بعد،، کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری سے قبل ہاتھ دھونے کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ معاشرے کے افراد سمیت چھوٹے بچوں کو بیماریوں سے بچانے میں مدد مل سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیم ہینڈز کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور مہم قابل ستائش ہے ۔ا نہوں نے شرکاء سیمینار پر زور دیا کہ وہ اپنے طور پر متعلقہ علاقوں میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ہینڈز پاکستان کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ سیمینار سے ہینڈز پاکستان کے ضلعی منیجر ویر بھان، پروجیکٹ منیجر حیدر جتوئی، مصطفی اکبر جعفری، ارشد اعوان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بین الاقوامی سطح پر مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر سے فوائد حاصل ہورہے ہیں اسی طرح تنظیم نے شہروں اور دیہات میں ہاتھ دھونے اور گھریلو امور کی انجام دہی میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے مہم شروع کررکھی ہے جس میں مختلف مقامات پر تنظیم کی جانب سے ہاتھ دھونے اور اس بارے میں مفید مشوروں سمیت شعور بیدار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔

بعد ازاں تنظیم کی جانب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رضاکاروں میں تعریفی شیلڈز تقسیم کی گئی جبکہ مہمان خاص اظہر لغاری نے تنظیم کی جانب سے لگائے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں