سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 22 اکتوبر 2019 20:43

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ڈرینج سسٹم کے باعث رہائشی و تجارتی و کاروباری مراکز میں کھڑے گندے پانی کے خلاف سکھر کے شہریوں ، دکانداروں اور مزدور طبقے کی بڑی تعداد نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھرکے چیئرمین اصلاح الدین شیخ ، مہران موٹر سائیکل پارٹس ایسوسی ایشن کے حاجی اعجاز انصاری ، استاد عارف بھٹی ، راجپوت اتحاد سکھر کے محمد اقبال راجپوت، اعوان اتحاد سکھر کے اشفاق اعوان ، ن لیگ سکھر کے رہنما عبدالغفار و دیگر کی قیادت میں حسینی روڈ پر روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اورپبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ، سکھر انتظامیہ ، سکھر میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ محکموں کے خلاف شدید نعریبازی کی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ سکھر انتظامیہ کے افسران شائد بھول گئے ہیں کہ وہ عوامی نمائندگان ہیں انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سکھر انتظامیہ یا سکھر کے منتخب نمائندگان سکھر شہر کیساتھ مخلص نہیں ہے ،کئی ماہ گذرنے کے باوجود ابتک شہر میں صفائی سمیت نکاسی آب سسٹم کے نظام کو بہتر نہیںبنایا جا سکا ہے جس کے باعث رہائشی علاقوں کے بعد اب شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز میں بھی گندہ پانی کھڑا ہونا روڈ کا معمول بنتا جا رہا ہے رہائشی و کاروباری علاقوں میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہیں اور نالیاں اور گٹر ابلنے کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر تالابوں کی شکل اختیارکر چکے ہیں لیکن کمشنر سکھر ، ڈپٹی کمشنر سکھر ، مئیر سکھر ، ڈپٹی مئیر سکھر ، میونسپل کمشنر سکھر ، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے انجنیئر سمیت دیگر افسران یا عملے کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ شہری اور کاروباری حضرات صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے عذاب کی زندگی بسرکرنے پر مجبور ہیں مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لیکر شہریوں اور دکانداروں کا دوہرے عذاب سے نجات دلانے کیلئے موئثر اقدام کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری سکھر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان پر عائد ہوگی ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں