کمشنر خیرپور کی جانب سے گمبٹ تعلقے میں تجاوزات کی عوامی شکایات کا نوٹس ، متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کیں

بدھ 13 نومبر 2019 00:06

سکھر۔ 12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے گمبٹ تعلقے میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، خود ساختہ ویگن سٹینڈ، اقلیتوں کے قبرستان میں بنا اجازت کیے جانے والے اقدامات ، سڑکوں اور فٹ پاتھ پر ناجائز قبضے جیسی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر گمبٹ، مختیارکار اور دیگر متعلقہ افسران کو ڈی سی آفس طلب کرکے معلومات حاصل کیں ۔

ڈی سی خیرپو ر نے ایس ایچ او گمبٹ، انسداد تجاوزات فورس کے آفیسر سمیت دیگر کو ہدایت دیں کہ وہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سے مل کر شہر بھر میں انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کریں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی کے توسط سے غیر قانونی اقدامات اور قبضے میں ملوث افراد کو نوٹس جاری کروائیں ۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے کہا کہ سڑکوں کے اطراف میں جو بھی غیر قانونی طور پر دکان ، مکان یا کوئی اور تعمیرات کرتا ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق میونسپل کمیٹی کے افسران سے مشاورت کرکے ایسی تعمیرات یا قبضے کے خلاف فوری اجازت نامے کی منسوخی یا بحال رکھنے کے حوالے سے میونسپل سروسز کے قانون پر عمل درآمد کیا جائے ۔

ڈی سی خیرپور نے گمبٹ میں انسداد تجاوزات فورس کے اہلکاروں کی نفری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گمبٹ اظہر لغاری نے ڈی سی خیرپور کو بتایا کہ دکانوں کی اجازت، فٹ پاتھ، قبرستان، ویگن اسٹینڈ اور دیگر مسائل کے لیے میونسپل کمیٹی کی جانب سے جیسے ہی تحریری طور پر مدد مانگی جائے گی محکمہ روینیو میونسپل کمیٹی کے ساتھ بھرپور مدد فراہم کرے گا ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں