بلدیہ اعلیٰ سکھر کے نویں عام اجلاس کا انعقاد ،تمام ضمنی تجاویز کی کثرت رائے سے منظور دیدی گئی

بدھ 13 نومبر 2019 00:07

سکھر۔ 12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) بلدیہ اعلیٰ سکھر کے نویں عام اجلاس کے تیسرے روز کی کارروائی ‘ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اجلاس کی صدارت کی ‘ کونسل اراکین نے تمام ضمنی تجاویز کی کثرت رائے سے منظور دیدی‘ مختلف ترقیاتی اسکیمیں بھی منظور کرلی گئیں۔ اجلاس میں بلدیہ ملازمین کی تنخواہیں و پنشن آن لائن کرنے ‘ بلدیہ کی ویب سائٹ اور شکافیتی سیل کی تشکیل کے حوالے سے اراکین کونسل کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ایک ماہ میں نظام آن لائن ہوجائیگا ‘ تنخواہیں بائیومیٹرک نظام کے تحت جاری ہونگی ‘ کسی افسر کے دستخط کی ضرورت نہیں پڑے گی جبکہ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک موبائل سافٹ ویئر بھی تیار کروایا جارہا ہے جو جلد فنکشنل ہوجائے گا جس کے بعد شہری موبائل کے ذریعے گھر بیٹھے بلدیہ کے حوالے سے اپنی شکایات درج کراسکیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کچرا کھلے مقامات پر پھینکے والوں پر جرمانہ کی رقم مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ‘ ایک ہزار سے 12 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد ہوگا ‘ اراکین نے جرمانے عائد کرنے کی منظوری بھی دیدی‘ میئر سکھر نے خواتین اراکین کو کچرا کرکٹ کوڑے دان میں پھینکے کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں کیساتھ ساتھ اسکولوں وغیرہ میں بھی اس حوالے سے مہم چلائیں تاکہ بچوں میں بھی شعور اجاگر ہوسکے۔

اجلاس کے دوران اراکین نے شہر میں کتوں کی بھرمار کی طرف توجہ دلوائی جس پر میئر نے چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطاء الرحمن خان کو شہر میں جاری کتا مار مہم میں تیزی لانے کی ہدایت جاری کیں ‘ بزرگ خاتون رکن آپا ممتاز نے نالیوں میں بلاکیج کی وجہ بننے والے شاپنگ بیگز پر پابندی کی تجویز بھی پیش کی۔ فاطمہ چلڈرن پارک کو چلانے اور اسکی مینٹی ننس کیلئے پارک نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی تجویز پر میئر سکھر نے ہدایت جاری کیں کہ پارک کو مینٹین رکھنے کے لئے کسی نجی کمپنی سے معاہدہ کیا جائے ۔

لب مہران کے حوالے سے میئر سکھر نے ایکسین سے بریفنگ طلب کی جس پر انہوں نے بتایا کہ تمام کام مکمل ہوچکا ‘ چند روز میں لب مہران بلدیہ اعلیٰ سکھر کے ہینڈ اوور ہوجائے گا۔ میونسپل کی ڈسپنسریز کو فعال کرنے کیلئے ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی نے ڈسپنسریز کو دوائوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر میئر سکھر نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ جلد سیکریٹری صحت سے ملاقات کریں گے اور انکی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کرائیں گے ۔

اجلاس میں ان علاقوں کیلئے جہاں پانی کی سپلائی کے حوالے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بورنگ کی اسکیمیں ‘ یو سی 5 کیلئے فلٹر پلانٹ جبکہ ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان کے پُرزور مطالبے پر بچل شاہ میانی کے علاقے کیلئے بھی ترقیاتی اسکیمیں منظورکی گئیں ۔ خاتون رکن غزالہ انجم کی تجویز پر تمام خواتین اراکین کیلئے 10-10 لاکھ روپے کی اسکیموں کی منظوری کیساتھ ساتھ اجلاس میں شرکت کیلئے ٹی اے / ڈی اے جبکہ اقلیتی برادریوں کی عبادتگاہوں کیلئے بھی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔

میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے کسی شہر میں اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے سکھر میں کرائے گئے ‘ وفاق کی جانب سے صوبوں کے فنڈز روکے جانے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے مگر پھر بھی ہماری کوشش ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لائیں اور شہر میں ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کریں ‘ ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ‘ تکمیل سے بہتری آئیگی اور شہری نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔

اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے 18 تا 30 نومبر تک ٹائیفائیڈ کے حوالے سے چلائی جانے والی مہم کے حوالے سے ڈاکٹر علی نواز کھوسو نے اراکین کو بریفنگ دی جس پر میئر سکھر نے پبلک ریلیشن آفیسر پیر عطاء الرحمن خان کو سوشل میڈیا اور کیبل وغیرہ پر اس حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت جاری کی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں