سکھر ضلع کے تمام شہروں سے بارش کا پانی نکالاجائے، کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا ، ڈپٹی کمشنر غلام مرتضیٰ شیخ

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے کہا ہے کہ سکھر شہر اور ضلع کے تمام شہروں سے بارش کا پانی نکالاجائے اس سلسلے میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور میونسپل افسران کے ساتھ ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں شہروں میں پانی کھڑا ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا تدارک فوری طور پر کرتے ہوئے بارش کا پانی نکالنے کے ہنگامی اقدامات کو موثر کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ پمپ جنریٹرز کی مدد سے چلائے جاسکتے ہیں کیونکہ بارش کا پانی جمع ہونے سے کاروبار زندگی سخت متاثر ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات اور مشکلات سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوران برسات بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور گھروں میں بھی بجلی کے آلات کے استعمال میں احتیاط اختیار کی جائے ۔ ڈی سی سکھر نے صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران درختوں کے نیچے اور گھروں سے باہر نہ نکلا جائے کیونکہ اکثر درختوں پر آسمانی بجلی گرتی ہے جو نقصان کا سبب بن سکتی ہے ۔ ڈی سی سکھر نے پبلک چ*ہیلتھ اور میونسپل افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے لیے مقرر عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ان کو الرٹ رکھا جائے تاکہ بروقت برسات کا پانی نکالنے کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔#

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں