ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات سخت کرنے اور کورونا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

ہفتہ 8 اگست 2020 23:27

سکھر۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات سخت کرنے اور کورونا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت،ذیلی امن کمیٹیاں تشکیل، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کی زیرصدارت ضلع کونسل ہال سکھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی، مذہبی ہم آہنگی کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ونگ کمانڈر رینجرز کرنل عمران، چئرمین ضلع کونسل سکھر محمد تقی دھاریجو، پولیس سیپکو، میونسپل، سوئی گیس، بلدیات، صحت سمیت متعلقہ اداروں کے افسران، مختلف مکاتب فکر کے علمائے اکرام ، اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر علماء کرام نے مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے انتظام انتہائی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کانٹیجنسی پلان مرتب دینے کی ہدایت دی۔ ڈی سی سکھر نے کہا کہ اس مرتبہ بھی امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے سلسلے میں مقامی سطح پر ذیلی امن کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی تاکہ چھوٹے مسائل موقع پر ہی حل ہوسکیں اور کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی اورمرمتی کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس غلط فہمی میں ہرگز نہ رہیں کہ کورونا وائرس ختم ہوگیا ہے کورونا ہائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مجالس کے مقامات پر ہینڈ واش کا انتظام کیا جائے جبکہ اسکائوٹس اور رضاکاران کی لسٹیں فراہم کی جائیں تاکہ ماسک اور سینیٹائزرز کا انتظام کیا جاسکے اسی طرح کوآرڈینیشن اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے سیپکو کے انجنئر کو ہدایت کی کہ مجالس کے اوقات میں اور رات کے وقت لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے اور لوڈشیڈنگ کا شیڈول منتظمین سے مل کر طئے کیا جائے اور اس پر عمل کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اسٹیک ہولڈرز اور منتظمین سے مل کر ہر روٹ اور مجالس کے مقامات کا معائنہ کریں اور نشاندہی ہونے والے مسائل حل کرانے کے بعد دوبارہ معائنہ کریں، اس سلسلے میں وہ خود بھی ہر تعلقہ کا دورہ کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس سکھر میں کنٹرول روم قا م ہوگا، متعلقہ اداروں کو تحریری ہدایات بھی جاری کیں جائیںگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانہ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، باگڑجی نیو سکھر اور دیگر علاقوں میں جلوسوں کے روٹس پر صفائی اور مرمتی کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں جبکہ پبلک ہیلتھ لوکل گورنمنٹ اور میونسپل سروسز کو بھی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر رینجرز کرنل عمران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور کورونا چئلنجز سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز منتظمین کو ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا تاکہ امن امان سے عشرہ محرم اختتام کو پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی اسکائوٹس اور رضاکاروں کو ٹریننگ فراہم کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ اسکائوٹس اور رضاکاران مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اجلاس کے دوران چیئرمین ضلع کونسل سکھر محمد تقی دھاریجو نے کہا کہ دیہی علاوں میں سکیورٹی پر مزید توجہ دی جائے اور لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے جبکہ رضاکاروں اور گاڑیوں کی سکیورٹی پاسز بنائی جائیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں