گلیمر سینٹر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے متاثرہ دکانداروں کی مدد کی جائے ،حاجی جاوید میمن

ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:56

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ حکومتی ارکان کی جانب سے گلیمر سینٹر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے متاثرہ دکانداروں کی امداد و بحالی کیلئے کیے گئے اعلانات دھرے کے دھر رہ گئے ہیں، گلیمر سینٹر میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعہ کو ڈیڑھ ماہ سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے اس کے باوجود تاحال دکانداروں کو اعلان کردہ رقم نہیں مل سکی جس کے باعث تاجروں میں شدید مایوسی پھیلی ہوئی ہے، حکومت فوری طور پر دکانداروں کی مالی معاونت کیلئے اعلان کردہ رقم کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ ایک جانب کورونا وائرس کے دوران لاک ڈائون کے باعث تاجر دکاندار پہلے ہی پریشانی کا شکار تھے تو دوسری جانب مارکیٹیں کھلنے کے ساتھ ہی گلیمر سینٹر میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا جس سے دکانداروں تاجروں کی زندگی بھر کی جمع پونچی سے لگایا گیا سرمایہ مکمل طور پر ختم ہوکر رہ گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ مارکیٹ کے دکانوں کے دورے کے دوران حکومتی اراکین کی جانب سے دکانداروں کی مالی امداد کیلئے بلند و بانگ دعوے اور رقم کی فراہمی کیلئے امداد کے اعلان تو کیے گئے جوکہ صرف اور صرف اعلانات کی حد تک محدود رہے جس کے باعث دکانداروں میں شدید مایوسی پھیل چکی ہے، دکاندار اپنے عزیز و اقارب سے قرضہ جات لیکر دبارہ کاروبار کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گلیمر سینٹر کے متاثرہ دکانداروں کیلئے اعلان کردہ رقم جاری کی جائے تاکہ متاثرہ دکانداروں کی مشکلات میں کچھ کمی آسکے اور وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر بہتر انداز سے کاروبار کر سکیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں