رحمت عالم، نور مجسم، محسن انسانیت حضور نبی کریمؐکے ذکر کو خالق کائنات نے قرآن مجید میں بلند فرمایا،مشرف محمود قادری

جمعہ 16 اکتوبر 2020 17:43

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2020ء) مجاہداہلسنت و جے یو پی کے صوبائی رہنما مشرف محمود قادری نے کہا ہے کہ رحمت عالم، نور مجسم، محسن انسانیت حضور نبی کریمؐکے ذکر کو خالق کائنات نے قرآن مجید میں بلند فرمایا، آقائے دوجہاں کی عظمت اور رحمت کل عالم میں پھیلائی ہے، آپؐکو دو جہانوں کیلیے رحمت بناکر بھیجا گیا، اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے دلوں سے عشق رسولؐکو کبھی ختم نہیں کرسکتیں، غلامان مصطفیٰ پر بھاری ذمے داری ہے کہ وہ اپنے پیارے نبیؐکی عظمت کے جھنڈے لہرائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جامع رہبر مسجد بھوسہ لائن نیو پنڈ سکھر انتظامیہ کی جانب سے جشن عید میلاد النبی ؐکے سلسلے میں سبز گنبد خضریٰ کے جھنڈے کی پرچم کشائی کے موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مولانا نعیم فریدی ، مولانا عاطف حسین ، حافظ عامر صدیقی ،حافظ سہیل احمد و دیگر موجود تھے ، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت شریف سے ہوا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشرف محمود قادری کا مزید کہنا تھا کہ ، جشن عید میلاد النبیؐ خوب خوب تیاریوں کیساتھ منائیں ، مسلمانان عالم امام الانبیاء کی شان اقدس میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، دشمنان دین و ملت کی سازش غلامان مصطفیٰ کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے، پرچم کشائی کے بعد شرکاء میں استقبال ربیع الاول اور جشن عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں مٹھائی اور بسکٹ تقسیم کیے گئے، آخر میں عالم اسلام کی سربلندی، پاکستان میں امن و استحکام کیلیے دعاکی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں