میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کی زیر صدارت اجلاس ‘ صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا

منگل 20 اکتوبر 2020 17:59

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کی زیر صدارت اجلاس ‘ صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ‘ صفائی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے شہر کو 5 زونز میں تقسیم کردیا گیا‘ عملہ صفائی سے جمعہ اور ہفتہ کے روز فل ڈے کام لینے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو نے اپنے دفتر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطاء الرحمن خان ‘ آفس سپرنٹنڈنٹ آصف علی خان ‘ وہیکلز انچارج شہزور کھوسو ‘ چیف سینیٹری انسپکٹرز ‘ سینیٹری انسپکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران میونسپل کمشنر نے چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر اور آفس سپرنٹنڈنٹ سے تفصیلی بریفنگ لی جس کے بعد انہوں نے احکامات جاری کئے کہ شہر کی تمام 26 یوسیز کو 5 زونز ( A,B,C,D,E ) میں تقسیم کررہا ہوں تاکہ صفائی کی صورتحال اور درپیش مسائل کا جائزہ لینے میں آسانی پیدا ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر شہر کا دورہ کرونگا جس یوسی میں صفائی کی ابتر صورتحال ہوئی متعلقہ انسپکٹر کو معطل کیا جائے گا جبکہ اپنے دوروں کے دوران حاضری رجسٹر سمیت تعینات ملازمین کی فزیکلی حاضری بھی چیک کروں گا جو ملازم غیر حاضر ہوا اس کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ملازمین درپیش مسائل کے حل کیلئے مجھ سے رابطہ کریں فوری طور پر مسئلہ حل کروں گا ‘ تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے مگر صفائی ستھرائی کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صفائی روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہئے لہٰذا جمعہ اور ہفتہ کے روز عملہ صفائی سے پورے دن کام لیتے ہوئے شہر میں صفائی کا عمل جاری رکھا جائے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں