ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمد میمن سے علمائے کرام کے وفد کی ملاقات

پیر 26 اکتوبر 2020 18:26

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) 12 ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمد میمن سے علمائے کرام کے وفد کی ملاقات ‘ ایڈمنسٹریٹر نے جشن عید میلاد النبیؐ شایان و شان طریقے سے منانے اور بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے بہترین انتظامات کی یقین دہانی کروائی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمد میمن سے علماء کرام کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ‘ ملاقات کرنے والوں میں مولانا محمد عثمان فیضی ‘ نور احمد قاسمی ‘ مشرف محمود قادری ‘ حامد محمود فیضی ‘ مولانا رضوان ‘ شکیل صدیقی سمیت دیگر شامل تھے ‘ اس موقع پر میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو سمیت میونسپل افسران ایکسین سہیل احمد میمن ‘ پیر عطاء الرحمن خان ‘ فیاض میمن ‘ عابد علی انصاری ‘ سکندر علی چنہ ‘ آصف علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میٹنگ کے آغاز میں ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمدمیمن نے نبی آخر الزمان حضرت محمدؐد کے یوم ولادت کے موقع پر حاضرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمدؐ صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ ساری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کیلئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے‘ حضورؐ کی آمد سے دنیا سے اندھیرا اور تاریکی ختم ہو گئی اورہر طرف اٴْجالا ہو گیا ‘ اس لحاظ سے 12ربیع ا لا ول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کاعظیم ترین دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاوّل کا دن سارے عالم انسانیت کے لئے خوشی اور امن کا پیغام ہے ‘ رحمتہ اللعالمین کی تشریف آوری سے ظلم و بربریت کا خاتمہ اور سکون واطمینان اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ نصیب ہوا۔ ملاقات کے دوران علماء کرام نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صفائی ستھرائی ‘ چراغاں سمیت دیگر مطالبات پیش کئے جس پر ایڈمنسٹریٹر سکھر نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجائیں گے ‘ چراغاں کیا جائے گا ‘ گھنٹہ گھر پر خوبصورت سبیل بھی نصب کروائی جائے گی جبکہ ملٹری روڈ پر نصب اسکائی بورڈ پر حدیث اور عبارات پر مشتمل بینرز آویزاں کئے جائیں گے جبکہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی لائحہ عمل ترتیب دیدیا ہے آج ہی حکم نامہ جاری کردیا جائے گا جس کے تحت جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی ‘ نکاسی آب سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا ‘ میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے وہ تمام معاملات کی نگرانی کریں گے اور اگر پھر بھی کسی حوالے سے کوئی شکایت ہو تو میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ‘ علماء مجھ سے بھی براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں ‘ میں خود شہر کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گا اور جس علاقے میں مسائل کی نشاندہی ہوگی اپنی نگرانی میں اسے حل کروائوں گا ‘ علماء کرام نے ایڈمنسٹریٹر سکھر کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی میں 12 ربیع الاول سے قبل ہی تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں