کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے شادی ہالز اور مارکیٹس رات 9بجے پابندی سے بند کرنے کی ہدایات

پیر 23 نومبر 2020 16:38

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ملک میں کورنا کیسز کی شرح میں اٖضافے کے بعد اپنی آفس کے کانفرنس روم میں کورونا ایس او پیز کے تحت اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈی آئی جی سکھر پولیس فدا حسین مستوئی، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے کورونا سے بچائو کیلئے اعلان کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں شادی ہالز اور تمام مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز رات 9بجے پابندی کے ساتھ بند کروائے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور مارکیٹس بند کروانے کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں مشترکہ ایکشن کمیٹی بنائی جائے اس سلسلے میں تاجر تنظیموں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے اپنے آفس کے عملے اور افسران سمیت ڈویژن کی ہر آفس میں کورونا سے بچائو کیلئے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے ہیڈز اپنے دفاتر میں ماسک پہننے کو یقینی بنائیں اور نوٹس بورڈز اور دروازوں پر ماسک پہننے کے سلسلے میں اور احتیاطی تدابیر کو آویزاں کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبائی بیماری ہے اس لئے سب کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کہا کہ پرائمری اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچائو کی ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنایا جائے اسسٹنٹ کمشنرز اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری محسوس کریں اور اسکولوں کا معائنہ کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اس لئے سب کو ملکر احتیاطی انتظامات پر عمل کرنا ہوگا۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ سول ہسپتال سمیت تعلقہ ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں کورونا وارڈز کو تیار رکھا جائے اور ہسپتالوں میں عملے و ڈاکٹرز کی حفاظت کیلئے ماسک اور دیگر سیفٹی کٹس پہننے کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں