ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کا وقت پر انعقاد ضروری ہے،ڈاکٹرسعید اعوان

ہفتہ 28 نومبر 2020 18:32

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کا وقت پر انعقاد ضروری ہے تاکہ پریشان حال عوام بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے اپنے بلدیاتی نمائندوں سے رجوع کر سکیں اور بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز ضائع ہونے اور کرپشن کی نظر ہونے کے بجائے استعمال میں لائے جا سکیں۔

ایڈ منسٹریٹرز بلدیاتی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ہر طرف گندگی اور سیوریج کے گندے پانی کا راج ہے۔صاف پینے کا پانی ناپید ہو چکا ہے۔ملکی سیاست سے عام آدمی پہلے ہی باہر ہو چکا ہے۔بلدیاتی امیدواران کے لئے بھاری فیسیں قدرتی قیادت پروان چڑھنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں جو آئین پاکستان اور جمہوریت کی بنیادی روح کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

جس فورم میں عام آدمی کی نمائندگی نہیں ہوگی وہ فورم عوام کا نمائندہ فورم نہیں ہوسکتا اور نا ہی ایسے فورمز سے عوامی فلاح کے نتائج برآمد ہوسکتے۔عام شہریوں سے قومی و بلدیاتی سیاست کا حق چھیننا دراصل انہیں ہر قسم کے حقوق اور بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔انتخابی اخراجات کی حدوں کی ہر الیکشن میں دھجیاں اڑائی جاتی ہے اس کی حیثیت خانہ پری زیادہ نہیں۔

تمام صوبوں میں جماعتی یا غیرجماعتی کی بجائے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق منتخب نمائندوں اور بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل دئیے جائیں۔ پولیس، پانی، بجلی، گیس، صحت، تعلیم، سڑکیں اور ضلعی عدالتیں منتخب شہری حکومتوں کے ماتحت کی جائیں۔ لوکل گورنمنٹ کے لئے فیسوں اور اخراجات کی حد کو عام آدم کی معاشی حیثیت کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ دنیا کے بڑے ترقی یافتہ شہروں کے انتخابی قوانین کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں