قومی بحران کے خاتمہ کے لیے قومی ،سیاسی، جمہوری، قیادت کو قومی ترجیحات پر مذاکرات پر اکٹھا ہونا پڑے گا، لیاقت بلوچ

وفاق صوبوں کے حقوق کا محافظ بنے، آئین کے دائرے میں حاصل خود انحصاری کو نہ چھینا جائے، غیر آئینی اقدامات وفاق کو کمزور کر رہے ہیں،سکھر میں تنظیمی اور سیاسی انتخابی اجلاسوں سے خطاب /خورشید شاہ کی عیادت

منگل 19 جنوری 2021 00:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق پارلیمانی لیڈرلیاقت بلوچ نے سکھر میں تنظیمی اور سیاسی انتخابی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومی بحران کے خاتمہ کے لیے قومی ،سیاسی، جمہوری، قیادت کو قومی ترجیحات پر مذاکرات پر اکٹھا ہونا پڑے گا۔ قومی قیادت آئین کے تحفظ اور نفاذ ، متنازعہ و غیر جانبدارانہ انتخابات ، سود اور قرضوں سے نجات ، خود انحصاری کا معاشی نظام ، کشمیر کی آزادی اور غیر جانبدارانہ احتساب کے لیے پوری قوم کو واضح لائحہ عمل دے تاکہ بے یقینی ختم ہو۔

سیاسی جمہوری استحکام آئے اور اقتصادی پہیہ چلے۔ وفاق صوبوں کے حقوق کا محافظ بنے۔ آئین کے دائرے میں حاصل خود انحصاری کو نہ چھینا جائے۔

(جاری ہے)

غیر آئینی اقدامات وفاق کو کمزور کر رہے ہیں۔ انتخابات اور مردم شماری متنازع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں اور جزائر پر وفاق زبردستی قبضے سے باز رہے۔ صوبوں کا حق چھین کرترقی بے ثمر اور سیرگاہیں بے آباد رہیں گی۔

این ایف سی ایوارڈ اور پانی کی تقسیم کے فارمولا پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف دیں۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، یوٹیلٹی بلز کا ہوشربا اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ بھو ک افلاس انارکی پیدا کر رہی ہے۔ عوام کا ریاستی نظام سے اعتماد اٹھ گیاہے۔ بااختیار بلدیاتی نظام عوام کا حق ہے۔ پی ٹی آئی ، پی پی پی بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کر کے آئینی خلاف ورزی کے جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام تحریک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے ہے۔ ہماری جدوجہد اسلام کی حکمرانی ، آئین کے مطابق نظام ،، خود انحصاری پر مبنی اسلامی معاشی نظام اور ملک میں ہر طرح کے دباء سے آزاد اور عوام کے اعتماد کی بحالی والے شفاف انتخابات کے لیے ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

لیاقت بلو چ نے سکھر ہسپتال میںقومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشیداحمد شاہ سے ملاقات اور عیادت کی جبکہ سکھرالخدمت سینٹرکا دورہ تعمیراتی کام کا جائزہ اورخیر وبرکت کی دعا بھی کی۔صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، نائب قیمین عبدالحفیظ بجارانی،مولانا حزب اللہ جکھرو،امیرضلع مولانا سلطان احمد لاشاری اورمقامی امیر زبیرحفیظ شیخ سمیت دیگر مقامی رہنماء بھی ہمراہ موجود تھے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں