کرایوں کے شیڈول پر نظرثانی کے حوالے سے عدالتی حکم پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کروایا جارہا ہے،ایڈمنسٹریٹرسکھر

بدھ 20 جنوری 2021 19:07

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نثار احمد میمن اور میونسپل کمشنر محمد علی بلوچ نے جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلدیہ کی دکانوں و دیگر املاک کے کرایوں کے شیڈول پر نظرثانی کے حوالے سے عدالتی حکم پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے گردش کرتی غلط اور بے بنیاد افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ شیڈول ریوائز کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سفارشارت پر مارکیٹ ویلیو کے حساب سے کرایوں کے شیڈول کو ریوائز کیا گیا ہے‘ کرایوں میں 4 ہزار فیصد تک اضافے کی افواہوں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں سے بلدیہ اعلی سکھر کی جانب سے کرایوں کے شیڈول میں کسی قسم کا کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا ‘ بلدیہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی پابند ہے ‘ حکم عدولی نہیں کرسکتے ‘ اس حوالے سے تاجر برادری کے احتجاج و ہڑتال کا بھی کوئی جواز نہیں بنتا ‘ احتجاج و ہڑتال کا عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا کسی بھی غیر قانونی کام سے گریز کیا جائے ‘ نہ صرف بلدیہ بلکہ تاجر برادری کو بھی عدالتی فیصلے کی پاسداری کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ کچھ شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے انہیں ورغلا رہے ہیں لہٰذا تاجر انکی باتوں پر کان نہ دھریں اور عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے 31 جنوری تک ایگریمینٹ کی از سر نو تجدید کروالیں کیونکہ یکم فروری سے عدالتی حکم کے تحت نئے کرائے نافذ العمل ہوجائیں گے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی اور ایگریمنٹ کی تجدید نہ کروانے والوں کی دکانوں کو از سر نو نیلام کردیا جائے گا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں