عوام بھوک اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،سعید اعوان

بدھ 16 جون 2021 23:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ عوام بھوک اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔حکومت بجٹ کو عوام دوست اور اپوزیشن عوام دشمن ثابت کرنے کے لئے اپنی توانائیاں خرچ کررہی ہے۔عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ملک کی اسمبلیاں اکھاڑہ اور جمھوریت مذاق بن گئی ہے۔

پاکستان کا سب سے بڑا مقدس ایوان پارلیمانِ مچھلی بازار بن گیا، قانون سازی کرنے والوں نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔بجٹ پھاڑ دیا، گھتم گتھا بھی ہوگئے۔قومی اسمبلی میں ہونے والی گالم گلوچ اور بد تہذیبی ٹی وی سکرینوں کے ذریعے گھر گھر پہنچ گئی۔اس سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔طاقت اور دولت کے بل بوتے پر ملک کے مقدس ایوانوں تک پہنچنے والے یہ جاگیردار اور سرمایہ دار کبھی بھی عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح ہوگیا کہ حکمران طبقہ اور اپوزیشن کبھی بھی ملک کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہوسکتا۔صرف کرسی کا نشہ ہے۔شور شرابہ ، نعرے و ہلڑبازی ، گالم گلوچ اورایک دوسرے پرحملوں سے قوم کو بس یہ یاد دلایا گیا کہ ہم حکمران ہیں اور آپ محکوم۔پاکستانیوں کو سوچنا پڑے گا کہ کیسے ملک و ملت کا درد رکھنے والے افراد کو اسمبلیوں تک پہنچانا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں