سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن سکھر کی جانب سے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد

جمعرات 17 جون 2021 20:05

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن سکھر کی جانب سے سکھر کی مقامی ہوٹل میں عطائی سماج کے لیے خطرناک ہیں کے عنوان کے تحت ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں مہمان خاص سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کے چیئرمین انیس الحسنین موسوی جبکہ اعزازی مہمانان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر سید باقر رضا رضوی، ڈائریکٹر اینٹی کیوکری ڈاکٹر خالد شیخ اور اے ڈی سی ٹو سکھر ماجد علی ماکو تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انیس الحسنین موسوی نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے میشن صوبے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ، عطائی ڈاکٹر ، حکیم اور غیر تعلیم یافتہ طبقہ مریضوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں جن کے خلاف کمیشن کی جانب سے آپریشن جاری ہے جسے وہ خود مانیٹر کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کو سندھ حکومت کے تعاون اور مختلف دیگر صحت پر کام کرنے والے اداروں کی اولین کوشش ہے کہ عوام کو معیاری اور ان کے دروازوں پر سہولیات فراہم کی جائیں کمیشن کا مقصد خاص طور پر عطائیوں کا خاتمہ کرنا ہے جس کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی کے باعث مسائل درپیش ہیں ہیپاٹائٹس، کینسر، جگر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کا مہنگا علاج ان کی پہنچ سے باہر ہے جس کے لیے ہماری ترجیح ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات پر موثر کام کریں انہوں نے ہیلتھ ڈلیوری سسٹم کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پولیس، ڈاکٹر، اسٹیک ہولڈر خاص طور پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ہمارا ہاتھ بٹائیں اور عطائیوں سے علاج کرانے کے بجائے مستند اور اہل ڈاکٹرز سے علاج کرانے کے لیے معاشرے میں شعور بیدار کریں۔ انیس الحسنین موسوی نے اپنے خطاب کے دوران سکھر میں تعلیمی معیار بہتر بنانے اور سکھر آئی بی اے جیسا ادارہ بنانے پر سابق وائس چانسلر نثار احمد صدیقی کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی۔

اس سے قبل چیف ایگزیکٹو آفیسر سید باقر رضا رضوی، ڈائریکٹر اینٹی کیوکری ڈاکٹر خالد شیخ نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ سیمینار کے آرگنائزر ڈائریکٹر اینٹی کیوکری غلام یاسین ویسر نے بریفنگ میں بتایا کہ 2019 تا 2021 تک عطائیوں کے خلاف 9450 انسپکشن کی گئیں جس میں سے 4911 کلینکس اور دیگر کو سیل کیا گیا، 2368 کو وارننگ دی گئی ، 676 کو ری سیل کی گیا ،113 لیبارٹریاں سیل کی گئیں ، مجموعی طور پر 1495 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

سیمینار سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر جمیل احمد مہر ، ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر مظہر ویسر ، اے ڈی اایچ او خیرپور ڈاکٹر باقر جتوئی ، ایم ایس جی ایم ایم ایس ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی، ڈی ایس پی حضور بخش سولنگی ، ڈاکٹر منظور جھکرانی، عثمان ماکو، محمد عارف عباسی ، ڈاکٹر عطا حسین ناریجو اور دیگر نے خطاب کیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں