سکھر میونسپل کارپوریشن کے موٹر آپریٹر واٹر سپلائی موٹر چلاتے ہوئے شدید زخمی ہوگئے ،پبلک ہیلتھ کے اسٹاف نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا

سی بی اے یونین کے صدر رمیش لعل، جنرل سیکریٹری علی مردان شیخ، دانش قریشی اور دیگر نے اسپتال پہنچایا، فوری علاج شروع نہ کرنے پر ملازمین کا بھرپور احتجاج

جمعہ 18 جون 2021 21:59

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) سکھر میونسپل کارپوریشن سی بی اے محنت کش اسٹاف یونین کے صدر رمیش لعل، جنرل سیکریٹری علی مردان شیخ، مسلم شاہ، دانش قریشی، غلام محمد مہر کی فوری کوششوں کے باعث موٹر آپریٹر فیز IV واٹر سپلائی محمد عالم کی ٹانگ کٹنے سے بچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق رات 4 بجے واٹر سپلائی کی موٹر چلاتے ہوئے موٹر آپریٹر محمد عالم کا پائوں موٹر میں آنے کے باعث کٹ گیا جسے ڈیوتی پر موجود عملے نے بمشکل موٹر سے نکالا لیکن پبلک ہیلتھ کے عملے نے کوئی تعاون نہیں کیا۔

اطلاع ملتے ہی سی بی اے یونین کے جنرل سیکریٹری علی مردان شیخ اور نائب صدر دانش قریشی موقع پر پہنچ گئے اور محمد عالم کو اسپتال پہنچایا۔ سول اسپتال میں فوری علاج شروع نہ ہونے پر سکھر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے بھرپور احتجاج شروع کرکے نعرے بازی شروع کردی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کو روانہ کیا۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر سکھر بھی پہنچ گئے۔ یونین رہنمائوں علی مردان شیخ، رمیش لعل، دانش قریشی، مسلم شاہ اور غلام محمد مہر سے میٹنگ کرکے محمد عالم موٹر آپریٹر کا علاج شروع کروایا۔ آپریشن مکمل ہونے پر پائوں کٹنے کا خطرہ بھی ٹل گیا۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کہ محمد عالم کے علاج معالجے کے سلسلے میں پبلک ہیلتھ کا محکمہ بھرپور تعاون کرے گا۔

جس پر دفاتر میں کام شروع ہوگیا اور احتجاج بھی ختم کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے صدر سید ذوالفقار شاہ، جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت نے انتظامیہ سے رابطہ کرکے موٹر آپریٹر محمد عالم کا سرکاری خرچ پر علاج کروانے اور پبلک ہیلتھ میں بھیجے گئے عملے کو واپس سکھر میونسپل کارپوریشن بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں