آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میںاویس قادر کی نیب سکھر میں پیشی

صوبائی وزیر تین گھنٹوں تک نیب افسران کے سوالات کے جوابات دیتے رہے

بدھ 22 ستمبر 2021 22:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب سکھر نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کے خلاف گھیرا تنگ کرکے تحقیقات کے لیے طلب کیا. نیب ذرائع کے کے مطابق خورشید شاہ پر دائر ریفرنس میں شامل اویس شاہ ضمانت پر آزاد ہیں. تاہم دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے اویس شاہ کو طلب کیا گیا، صوبائی وزیر تین گھنٹوں تک نیب افسران کے سوالات کے جوابات دیتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب سکھر کی جانب سے اویس شاہ کو جاری کردہ کال اپ لیٹر میں واضح کیا گیا ہے کہ دو ہزار تیرہ میں رکن صوبائی اسمبلی بننے کے بعد اویس شاہ کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا، نیب ذرائع کے مطابق اویس شاہ کے بحریا ٹاون، ڈفینس اور سکھر میں بنگلوز، دو پیٹرول پمپس اور پندرہ سو ایکڑ زرعی زمین کے علاوہ اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کے شواہد ملے ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں اسی حوالے سے آج اویس شاہ کو طلب کیا گیا. کال آپ لیٹر ملنے پر اویس شاہ اپنا جواب جمع کرانے نیب سکھر کے دفتر پہنچے، جہاں پر اویس قادر شاہ نے نہ صرف نیب کے افسران اور انکوائری ٹیم کو جوابات جمع کرائے بلکہ تین گھنٹوں تک جاری انکوائری ٹیم کو متعدد الزامات کے حوالے سے جوابات دیتے رہے۔

(جاری ہے)

تین گھنٹے کی پیشی کے بعد صوبائی وزیر نیب سکھر آفس سے روانا ہوگئے اور میڈیا سے بات کرنے سے انکار کیا۔ نیب ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات کے لی دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں