محکمہ پبلک ہیلتھ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی نااہلی ، شہر میں نکاسی آب مفلوج ، سول اسپتال روڈ گندے پانی میں ڈوب گیا

جمعرات 23 ستمبر 2021 19:44

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) محکمہ پبلک ہیلتھ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی نااہلی ، شہر میں نکاسی آب مفلوج ، سول اسپتال روڈ گندے پانی میں ڈوب گیا،شکایت کے باوجود نکاسی آب کا عمل شروع نہ ہوسکا، مریضوں سمیت شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ،کمشنر سکھر و بالاحکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ،میونسپل کارپوریشن سکھر سٹی کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپرواہی کے باعث سکھر شہر میں جاری نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے و ترقیاتی کام مکمل نہیں ہو سکے ہیں شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری مراکز میں گذشتہ کئی روز سے نکاسی آب نظام کا نظام خراب ہو چکا ہے نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کیوجہ سیگندہ پانی سڑکوں پر جمع ہونا معمول بنتا جارہا پیر کے روز سکھر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال سول اسپتال جانے والے مرکزی راستے کاڈرینج سسٹم ایک بار پھر ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے گندے پانی کی لپٹ میں آگیا جس کے نتیجے میں علاج و معالجے کیلئے اسپتال جانے والے مریضوں، علاقہ مکینوں اور گذرے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،ڈرینج سسٹم کی خرابی کے حوالے سے مریضوں اور تیماداروں نے بتایا کہ صحت مراکز کی یہ حالت ہے تو شہر کا کیا ہوگا شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے جارہے ہیں شہریوں اور مریضوں نے بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں