جادو ٹونہ ملک کی سیاست کا نیا ٹرینڈ بن گیا ، خورشید احمد شاہ، نفیسہ شاہ

اس ملک میں جادو ٹونے کے مسائل ہیں جس کا جواب جادو ٹونے والے ہی دے سکتے ہیں،حکومت نے نیب صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اپنے لوگوں،اپنے اے ٹی ایمز کو بھاری بھرکم این آر او دیدیاہے ، سکھر میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:48

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) جادو ٹونہ ملک کی سیاست کا نیا ٹرینڈ بن گیا مریم نواز کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں سید خورشید احمد شاہ اور سیدہ نفیسہ شاہ نے بھی ملک کی سیاست میں جادو ٹونے کے شامل ہونے کا ذکر کردیا کہتے ہیں کہ اس ملک کی سیاست اور کارواں جادو ٹونے کے حوالے ہیں اس ملک میں جادو ٹونے کے مسائل ہیں جس کا جواب جادو ٹونے والے ہی دے سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھرمیں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ پیپلزپارٹی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں نہ کوئی سیاسی نظام ہے اور نہ ہی سیاسی استحکام ہے حکومت کا آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی چور کی داڑھی میں تنکے کے مترادف ہے عدالتیں خود کہہ چکی ہیں کہ نیب کوہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہاہے حکومت نے نیب صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اپنے لوگوں،اپنے اے ٹی ایمز کو بھاری بھرکم این آر او دیدیاہے آئین کے مطابق اسپیکر کا ٹرائل نیب کورٹ میں نہیں ہوسکتا مگر یہاں نیب کاروائیاں کررہا ہے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا اصل معاملہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی بن چکا ہے عمران خان نے جان بوجھ کر اس معاملے کو متنازعہ بناکر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی ہے ان کے اس عمل سے دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ہے آئی ایس آئی ایک ڈسپلن ادارہ ہے جس کی اہمیت ہے مگر اسے بھی اس نااہل حکومت نے متنازعہ بنادیاگیا ہے حکومت کے اس عمل سے ریاست کو نقصان پہنچا ہے ان کا کہنا تھا کہ پہلے باہر سے لوگ آکر ملک میں سرمایہ کاری کرتے تھے لیکن اب ملک کے لوگ تک سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں ملک میں عمران خان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپاہے عمران خان کا بس چلے تو وہ لوگوں کے گھروں میں رکھا ہوا سامان بھی اٹھوالے ان کا کہنا تھا کہ ہم گناہگار لوگ ہیں اور لگتا ہے کہ عمران خان اللہ کی جانب سے ہم پر مسلط کیا گیا عذاب ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کو سب سے بات کرنی چاہیے کیونکہ پارلیمنٹ کی سب سے زیادہ اہمیت ہوتی ہے مگر عمران خان انڈیا اور امریکہ سے تو بات کرسکتے ہیں لیکن ملک کی قیادت سے بات نہیں کرسکتے اس موقع پر نفیسہ شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خورشید شاہ جن کا ایک لمبا سیاسی سفر ہے پارلیمنٹ میں ایک اہم کردار ہے انہیں ضمانت کے لیے کبھی ایک عدالت توکبھی دوسری عدالت بھیجا جاتاہے ان کی ضمانت نہ ہونا ملک کے انصاف کے نظام پر بڑا سوال ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں