حالیہ مون سون بارشیں ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوراب کو بھی شدید متاثر کر چکی ہیں، ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ

پیر 8 اگست 2022 18:59

سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ کا ضلع میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نقصانات اور ریلیف آپریشن سے متعلق تفصیلی میڈیا بریفنگ، اس موقع پر تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہ آفیسران جن میں ایکسین مواصلات و تعمیرات چاکربلوچ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم ملازئی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوراب منظور احمد موسیانی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال سوراب ڈاکٹر ثناء ریکی اسسٹنٹ کمشنر سوراب محمد اسماعیل مینگل اسسٹنٹ کمشنر گدر مہرآباد عبدالوہاب ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک محمد ایوب نوزئی ایس ڈی او مہراللہ زہری ایس ڈی او امجد بلوچ لیویزرسالدار محمد رفیق سمالانی اور دیگر موجود تھے، ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مون سون بارشیں ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوراب کو بھی شدید متاثر کر چکی ہیں، خصوصاً دوسرا اسپیل جوکہ 27 جولائی سے 30 جولائی تک کا تھا اس نے ضلع سوراب میں سب سے زیادہ تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ضلع بھر میں مجموعی طور پر 130 رہائشی مکانات مکمل منہدم جبکہ 350 سے زائد کو جزوی نقصان پہنچا ہے اس دوران تین اموات بھی واقع ہوئی جن میں سے دو آسمانی بجلی گرنے کے باعث جبکہ ایک شخص پانی میں ڈوبنے کے نتیجے جاں بحق ہوگیا ، حالیہ طوفانی بارشوں سے ضلع سوراب کے مختلف علاقوں میں ہونے والے زرعی نقصان جس میں 2250 ایکڑ پر زیر کاشت فصلیں سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکی ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد خشکابہ بندات ٹوٹ چکے ہیں اسی طرح ضلع بھر میں رابطہ سڑکوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے، اس تمام صورتحال میں انتظامیہ نہ صرف متحرک بلکہ اپنی زمہ داریوں کو جانفشانی کے ساتھ نبھایا ہے ہم نے اپنی تمام تر چھٹیاں منسوخ کرکے اپنے آپ کو مشکل کی اس گھڑی میں ضلع کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کردی حتی کہ عید الاضحیٰ پر مجھ سمیت اسسٹنٹ کمشنر صاحبان اور تمام سرکاری محکموں کے زمہ دار آفیسران یہاں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کی ہے اس حوالے سے لیویز محکمہ مواصلات محکمہ صحت میونسپل کمیٹی اور لائیو اسٹاک سمیت دیگر اداروں اور ان کے آفیسران کی کارکردگی مثالی اور قابل تعریف رہی ہے انہوں نے پورے خلوص اور ہمدردی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو عوام کی خدمت کے لئے بروئے کار لائے، ہم نے موسم کی ناسازگاری اور دن رات کا امتیاز کئے بغیر لوگوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے ان کے شانہ بشانہ رہے اور الحمدللہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال رونما ہونے سے قبل انتظامیہ مشکل زدہ لوگوں کے درمیان موجود پائی گئی، اب تک کی ریلیف آپریشن کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہم نے تباہ کن بارشوں کے دوران اور ان کے بعد اولین ترجیحات میں ندی نالوں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی حفاظت اور مصیبت میں پھنسے لوگوں کی بروقت دادرسی کوسرفہرست رکھا، کسی بھی ناگہانی صورت حال کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ آفیسران کی سربراہی میں لیویز کی ٹیمیں رات کی تاریکیوں میں بھی وہاں پہنچ جاتی تھی تاکہ خدانخواستہ کوئی نقصان نہ ہو ،اس دوران پی ڈی ایم اے کی جانب سے ابتدائی امدادی سامان کے زریعے 150 متاثرہ خاندانوں میں خیمے جبکہ 120 سے متاثرہ مستحق خاندانوں میں راشن ان کی دہلیز پر ان میں تقسیم کرچکے ہیں اور اس عمل کو ہرممکن شفاف اور بلاامتیاز رکھا گیا ہے تاکہ کسی لاچار اور متاثرہ خاندان کی حق تلفی نہ ہو، لیویز اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں ضلع بھر کی تمام علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیکر رپورٹ مرتب کررہی ہیں تاکہ مزید متاثرہ لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا جائے، اسی طرح ہم نے رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی کو سب سے مقدم رکھا تاکہ علاقوں کی آمدورفت کا سلسلہ بحال ہو اور انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس سلسلے میں محکمہ مواصلات سوراب کے پرعزم آفیسران اپنے دن رات ایک کرکے ضلع کے وہ تمام سڑکیں جوکہ مجموعی طور پر 250 کلومیٹر متاثر ہوچکی تھیں کی مرمت کا کام ایک مختصر دورانیے میں مکمل کرکے انہیں آمدورفت کے لئے بحال کرچکے ہیں ، بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ممکنہ وبائی امراض کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہم نے ضلع بھر میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا ایک سلسلہ شروع کردیا مختلف دیہی علاقوں میں نو میڈیکل کیمپ لگائے گئے جن میں مجموعی طور پر 1743 مریضوں کا چیک اپ کرکے انہیں ضروری ادویات فراہم کی گئی اس طرح گوندان اور لاکھوریان میں وبائی مرض پھیلنے کی اطلاع پر میری سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیمیں بروقت پہنچ کر متاثرہ افراد کو طبی امداد دی گئی اور ان کی مکمل صحت یابی تک ان کا علاج کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے ، مویشیوں میں پھیلنے والی ممکنہ بیماریوں کے تدارک کے لیے بھی انتظامیہ کی زیرنگرانی لائیو اسٹاک کی ٹیمیں نے مختلف علاقوں میں ویٹرنری کیمپس منعقد کرکے 18971 جانوروں کی ویکسین کرچکی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ کے مطابق ہم نے قدرتی آفت کی اس گھڑی میں اپنی زمہ داری کو فرض سمجھ کر ضلع کی عوام کی ہرممکن خدمت کی کوشش کی ہے اور ہم نے تہیہ کر رکھا تھا کہ مشکل زدہ لوگوں کی دادرسی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،اب بھی ان شاء اللہ ضلع کی عوام کو یہ یقین اور اطمینان دلاتے ہیں کہ ان کے نقصانات اور مشکلات کے مکمل ازالے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں