شہری مسائل بتدریج حل کیے جارہے ہیں، میئر سکھر

پیر 27 فروری 2017 11:57

سکھر۔ 27فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ میونسپل ملازمین کی تنخواہوں ، گریجویٹی اور پنشن کے مسائل حل کردیئے ہیں، فراہمی آب کو بہتر بنانے کا منصوبہ آخری مرحلے میں ہے، تجارتی اور رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر ہوچکا ہے چند علاقوں میں نکاسی آب کے جو مسائل ہیں وہ جلد بہتر کردیئے جائیں گے اس سلسلے میں شہری اور تاجر تعاون کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے دفتر میں چوڑی گلی بازار کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن ، ڈپٹی میئر طارق چوہان، یوسی چیئرمین مرتضیٰ گھانگھرو، حاجی شفیع عباسی، ملک رضوان الحق، گلزار بھٹو ،حاجی صابر ، فیاض خان، بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، عبدالرحمن انصاری، برکت علی سولنگی ، عبدالرحیم سیٹھی، زاہد اقبال ، عطا محمد قریشی ،شاکر کمبوہ اور محمد علی میمن ، رضوان لالا جندہ و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میئر نے چوڑی گلی بازار کے نومنتخب صدر مولانا حاجی محمد عثمان فیضی حسینی ، نائب صدر شیر محمد چاچڑ، جنرل سیکریٹری فہیم احمد شیخ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری محمد عامر کمبوہ، جوائنٹ سیکریٹری محمد اویس، سیکریٹری مالیات ملک صلاح الدین ، سیکریٹری اطلاعات و رابطہ زریاب احمد سے عہدوں کا حلف لیا۔ انھوں نے تاجر رہنمائوں کے بیان کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مجھ سمیت ڈپٹی میئر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور شہر کی بہتری کیلئے مصروف عمل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہمیں بزرگوں ، شہریوں اور تاجروں کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ سب مل جل کر سکھر کو ایک ماڈل اور خوبصورت شہر بنا سکیں۔ بعد ازاں ملک میں امن و سلامتی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں