صوابی میں نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں گر کر جاں بحق

پشاور کا توصیف شاہ نامی نوجوان صوابی میں واقع سٹیفا نہر میں نہانے کیلئے دوستوں کے ہمراہ آیا، اس دوران ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں گر گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 13 جون 2021 19:44

صوابی میں نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں گر کر جاں بحق
صوابی (اُردو پوائنٹ ، اخبار تازہ ترین، 13جون2021) ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے ایک اور قیمتی جان نگل لی، صوابی میں نوجوان ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹیفا نہر میں پشاور سے آیا ہوا ایک اور نوجوان نہر کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ پشاور کا ایک نوجوان توصیف شاہ گذشتہ روز صوابی میں واقع مینئی کے مقام پر سٹیفا نہر میں نہانے کے لئے دوستوں کے ہمراہ آئے تھے اس دوران وہ نہر کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک نہر میں گر کر ڈوب گئے ریسکیو1122کی غوطہ خور ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو نکالنے کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دی اور بعد ازاں گذشتہ شب ان کی لاش چار گھنٹے بعد نہر سے نکالی گئی ۔

اور لاش کو موقع پر موجود متوفی کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسی طرح کی ایک خبر سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سوات میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان نے پستول لوڈ کرکے کنپٹی پر رکھی تو گولی چل گئی۔ سوات میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان زندگی کی بازی ہارگیا تھا۔ افسوس ناک واقعہ تحصیل کبل کے علاقے مابنڑ میں پیش آیا،جہاں متوفی حمید اللہ کے کچھ دوست ٹک ٹاک کے لیے اس کی ویڈیو بنا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان نے گن لوڈ کرکے اپنی کنپٹی پر رکھی تو گولی چل گئی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے نوجوان کی لاشن پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے شوق کے نتیجے میں ہلاکتوں کے واقعات میں بڑھوتری دیکھنے میں آئی ہے۔

اس سے قبل راولپنڈی میں بھی ایک ایسا ہی ہولناک واقعہ پیش آیا، جب اسکیم تھری پھاٹک کے قریب نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہارگیا۔پولیس نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقے اسکیم تھری پھاٹک کے قریب 18 سالہ حمزہ نوید نامی نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا، نوجوان کا ساتھی موبائل پر ٹک ٹاک ویڈیو شوٹ کررہا تھا کہ اسی دوران نوجوان کو پیچھے سے آنے والی ٹرین نے ٹکر ماردی۔تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے ٹک ٹاکر کے دوسرے ساتھی کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردی گئی ہے

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں