صوبائی وزیر بلدیات نے صوابی کی تحصیل رزڑ میں نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کردیا

پیر 12 نومبر 2018 23:54

صوابی۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) صوبائی وزیر بلدیات،الیکشنز اور دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کے ہمراہ صوابی کی تحصیل رزڑ میں نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرا کرنل ریٹائرڈمحمد احمد خٹک،ڈائریکٹر تیمور راٹھور،منتخب عوامی نمائندے اورشہریوںکی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ مذکورہ نادرا دفتر علاقہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہوچکا ہے جبکہ اسی طرح کے دیگر عوامی فلاحی منصوبے بھی جاری ہیں جو جلد پایہء تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ نادرا رجسٹریشن سنٹرسے تحصیل رزڑ کے شہری و مضافاتی علاقوں کے تقریباساڑھے 5 لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے اور ان کی مشکلات میں کمی آئے گی جبکہ انہیں قومی شناختی کارڈ جیسی بنیادی ضرورت کے حصول کے لئے دور دراز کے علاقے کاسفر نہیں کرنا پڑے گا جس سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت عوام دوست پالیسیاں اپنائے ہوئے ہے جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات اپنے علاقے میں باہم میسر ہوں گی۔افتتاحی تقریب کے مہمان اعزاز ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کا اپنے خطاب میں کہنا تھاکہ وفاق میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہونے کی وجہ سے اب صوبے کے مسائل جلد حل ہوں گے اور یہاں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں