منصفانہ احتساب کے حق میں ہیں ،انتقامی اور متعصبانہ احتساب کی نہ صرف مذمت بلکہ مزاحمت بھی کرینگے ،ہمایوں خان

علیم خان کی گرفتاری ڈرامہ ہے ، صاف ثابت کرنے کیلئے گرفتار کیا گیا ہے،جہانگیر ترین پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جارہا ہے ، صدرپیپلزپارٹی خیبرپختونخوا

بدھ 13 فروری 2019 17:24

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر ہمایوںخان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ہم پاکستان میں منصفانہ احتساب کے حق میں ہیں لیکن انتقامی اور متعصبانہ احتساب کی نہ صرف مذمت بلکہ مزاحمت بھی کرینگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی پی پی کے مقامی رہنما ملک محمد نواز خان کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کے دوران کیا۔

قبل ازیں انہوں نے پارٹی کے رہنما محمد اشفاق خان آف مینئی کی والدہ کی وفات پر ان کے ساتھ تعزیت کر تے ہوئے مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ڈویژنل صدر شوکت خان ، ضلعی صدر محمد نعیم خان ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری جاوید اقبال انقلابی ایڈوکیٹ ، صوبائی رہنما گوہر انقلابی ، تحصیل صدر محمد طاہر ، ملک محمد نواز اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پی پی پی ہی نے ہر دور میں اپوزیشن لیڈر کو پبلک اکائونٹ کمیٹی کا چیر مین بنانے کی روایت ڈالی ہے۔ اور اسی روایت کے مطابق آج پی پی پی اپوزیشن قائد میاں شہباز شریف کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔ اگر میاں شہباز شریف کا دامن صاف ہے تو پھر پی ٹی آئی حکومت ان سے کیوں ڈرتی ہے ۔ انہوں نے علیم خان کی گرفتاری ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو صاف ثابت کرنے کے لئے گرفتار کیا گیا ہے، حالانکہ ان سے تحقیقات ہونی چاہئے ۔

وزیر اعظم عمران خان کا خود نیب خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر ریفرنس میں کیس چل رہا ہے۔ جہانگیر ترین پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جارہا ہے ۔ خود پی ٹی آئی کے وزیر اعلی کے علاوہ ان کے وزراء کے خلاف احتساب کیسز کے بارے میں نیب میں قطاریں لگی ہوئی ہے پی ٹی آئی کی حکومت میں شامل جن ارکان کے خلاف نیب میں انکوائریاں شروع ہے ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا ہے اور ان کے نام ایس سی ایل میں نہیں ڈالتے جب کہ پی پی پی کی قیادت جن پر کسی قسم کا کرپشن ثابت نہیں ہوا ہے ان کے نام ایس سی ایل میں ڈالتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر اعلی اور وزرا ء کے ہاتھ مالم جبہ ، بی آر ٹی منصوبہ ،ا یجو کیشن اور دیگر منصوبوں میں رنگے ہوئے ہیں ۔

سب سے پہلے عمران خان اپنے کرپٹ وزراء کو گرفتار کریں انہوں نے کہا کہ یو ٹرن خان نے الیکشن سے قبل قوم سے وعدہ کیا تھا اگر وہ عالمی دنیا سے بھیک مانگے تو وہ خود کشی کریگا لیکن آج وہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر اسلامی ممالک میں کشکول لے کر بھیک مانگتے ہیں اور اسے پیکیج کا نام دے کر پاکستانی عوام کو نہ صرف بے وقوف بلکہ دنیا میں شرماتے ہیں۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں