پختونوں کی بے اتفاقی کی وجہ سے ان کے جائز و بنیادی حقوق عصب کئے جارہے ہیں،ایمل ولی خان

اپنے بابا باچا خان بابا کے فلسفے کے مطابق پختونوں میں اتحاد واتفاق ، یکجہتی اور ان میں شعور و بیداری پیدا کرنا چاہتا ہوں،صدر عوامی نیشنل پارٹی

منگل 15 اکتوبر 2019 18:48

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آج میں پختون قوم کو باچا خان بابا کے راستے پر گامز ن کرنے ، ناراض کارکنوں کو منانے ، پختونوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے اور انہیں سیاسی طور پر بیدار کرنے کے لئے نکل چکا ہوں۔ اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہر پختون کے گھر اور حجرے جا کر ان کو اے این پی کے پلیٹ فارم سے متحد کرونگا۔

اور یہ میری خواہش اور دلی ارمان ہے اور یہ سوچ و فکر و تسلسل ہمیں اپنے بابا باچا خان بابا نے چھوڑا ہے اور آج اب ہم بابا کے راستے پر چل پڑے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پندرہ روزہ دورہ صوابی کے آغاز پر ٹوپی ، ہملٹ اور مینئی میں بڑے بڑے اجتماعات سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس سے ضلعی صدر حاجی آمان اللہ خان ، جنرل سیکرٹری نواب زادہ خان ، سینئر نائب صدر حاجی غلام حقانی، صوبائی سیکرٹری ثقافت نثار خان اور سیکرٹری مالیات مختیار خان ایڈوکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ضلعی صدر حاجی آمان اللہ خان و جنرل سیکرٹری نواب زادہ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے صوابی انٹر چینج پر ایمل ولی خان کا استقبال کر کے ان کو جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا۔اس موقع پر سینکڑوں لوگوں نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں کی بے اتفاقی کی وجہ سے ان کے جائز و بنیادی حقوق عصب کئے جارہے ہیں میں اپنے بابا باچا خان بابا کے فلسفے کے مطابق پختونوں میں اتحاد واتفاق ، یکجہتی اور ان میں شعور و بیداری پیدا کرنا چاہتا ہوں اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے۔

ملک بھر میں ہر مکاتب فکر کے لوگ آج ناجائز اور بھاری بھر ٹیکسز ، بد ترین مہنگائی اور غیر قانونی حکومتی اقدامات کے خلاف عوام سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکس کی ہڑتال سے صوبہ بھر میں مریض رل رہے ہیں تاجروں کی ہڑتال سے دوکانیں بند ہونے سے ملک معاشی بحران کا شکار ہو جائیگا جب کہ آج ہر مقام پر پختونوں کی نسل کشی کی جارہی ہے چالیس سالوں سے لگی ہوئی آگ میں صرف پختونوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ہمارے مساجد کو شہید کرنے کے علاوہ بازاروں ، حجروں اور سکولوں کو تباہ کر دیئے گئے ہمارے بے گناہ بچے شہید ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجابی کا بچہ ترقی کر رہا ہے جب کہ پختون کے بچے معاشی طور پر کمزور ہو رہے ہیں ہمارے صوبے کو پی ٹی آئی حکومت بجلی کی رائلٹی نہیں دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ لالچ ، بے اتفاقی کی وجہ سے اور بیدار نہ ہونے پر پختون کو ان کے حقوق نہیں مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج پختون قو م میرے ساتھ یہ وعدہ کریں کہ وہ پختونوں کو بیدار کرنے ان میں شعور پیدا کرنے اور اتحاد و اتفاق کے لئے ان کے ساتھ نکلیں گے اور وہ ا س مقصد کے حصول کے لئے ہر خاندان اور گھر جاکر ناراض کارکنوں کو منائیں گے جب پختون قوم اور صوبہ خیبر پختونخوا میں اتفاق و اتحاد پیدا ہو جائے تو کوئی بھی مائی کا لعل پختونوں کے حقو ق عصب نہیں کر سکیں گے ۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں