صوابی پولیس کی دلیرانہ کارروائی ،میڈیکل طالبہ کی خود کشی کیس میں انتہائی مطلوب ملزم شمن سولنگی گرفتار

اتوار 23 جنوری 2022 18:20

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) صوابی پولیس نے ایک اہم اور دلیرانہ کارروائی کے دوران میڈیکل کی طالبہ ڈاکٹر عصمت جمیل کی خود کشی کیس میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم شمن سولنگی کو گرفتارکر لیا۔صوابی پولیس نے دلیری اور پروفشنلزم کا مظاہرہ کرکے خیبر پختونخواہ پولیس کا نام روشن کیا، ملزم کی گرفتاری صوابی اور خیبر پختونخواہ پولیس کی اہم کامیابی ہے ۔

ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی محمد شعیب خان کے خصوصی ٹاسک پر گذشتہ روز صوابی پولیس نے ایک اہم اور کامیاب چھاپ زنی کے دوران بدنام زمانہ مفرور شمن سولنگی ولدفیض احمد سولنگی سکنہ ضلع دادو، سندھ کو گرفتار کرلیا۔مبینہ طور پر ملزم شمن سولنگی نے میڈیکل کی طالبہ عصمت جمیل کو انتہائی حد تک بلیک میل کیا جس کے نتیجے میں وہ خودکشی پر مجبور ہوگئیں، نتیجتاً ملزم کے خلاف تھانہ سیتا روڈ ضلع دادو میں مقدمہ درج کیا گیا اس دوران ملزم اپنے علاقے سے روپوش ہو کر ضلع صوابی آگیا جب کہ سندھ پولیس بھی ملزم کا تعاقب کر رہی تھی تا ہم ایس ڈی پی او رزڑ شفیع الرحمٰن اور ایس ایچ اوکالو خان عجب درانی و پولیس ٹیم نے ڈرامائی انداز میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

صوابی پولیس نے نہایت بہادری، پیشہ ورانہ اور جدید طرز پولیسنگ کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک مکمل کرکے گرفتار کر لیااس سلسلے میں ڈی پی او صوابی کا کہنا ہے کہ صوابی پولیس نے نہایت دلیری اور پروفشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری عمل میں لا کر خیبر پختونخواہ پولیس کا نام روشن کیا، ملزم کی گرفتاری صوابی اور خیبرپختونخواہ پولیس کی نہایت اہم کامیابی ہے جب کہ اس سلسلے میں سندھ پولیس کے ساتھ قانونی لوازمات پورے کئے جارہے ہیں۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں