صوابی پولیس کی کارروائی ،قتل ، اقدام قتل و دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب مجرم گرفتارکرلیا

منگل 16 اگست 2022 22:55

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) صوابی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران قتل ، اقدام قتل اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب مجرم اشتہاری کو آلہ قتل کلاشنکوف ، پستول اور درجنوں کارتوس سمیت گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آٹھ اکتوبر 2020کو سابقہ دشمنی کی بناء پر مجرم اشتہار ی بھادر علی عرف کانڑا سکنہ درہ نے فائرنگ کی تھی جس میں روزی امان سکنہ کڈی موقع پر جاں بحق ہوا تھا اسی طرح سات جولائی 2022کو اپنے گینگ کے ہمراہ ایک گھر میں فائرنگ کی جس میں ایک خاتون اپنے کمسن بیٹی سمیت زخمی ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

مجرم اشتہاری کو گرفتار کر نے کے لئے ڈی پی او محمد شعیب نے ایس ڈی پی او صوابی فاروق زمان کی سر براہی میں ایس ایچ او الطاف خان اور دیگر پولیس آفسران کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے انتہائی مہارت اور حکمت عملی کے ساتھ گینگ کے سرغنہ خطر ناک اشتہاری مجرم بہادر علی عرف کانڑا کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گرفتار مجرم اشتہاری جرائم پیشہ گروہ کے ہمراہ مختلف طریقوں سے واردات کر تے تھے اور علاقے میں خوف پھیلا رکھا تھا ۔جس کی وجہ سے لوگ ان کے خلاف اطلاع اور درخواست بھی دینے کو تیار نہیں تھے۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں