سوات: خاتون نے گندے نالے میں بچے کوجنم دے دیا

سیدوشریف اسپتال کے ڈاکٹروں نے تکلیف کی حالت میں حاملہ خاتون کو باہر نکال دیا تھا، خاتون کے خاوند کا احتجاج، نوٹس لینے کا مطالبہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 ستمبر 2018 20:14

سوات(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24ستمبر 2018ء) خیبرپختونخواہ میں اسپتال کے باہر خاتون نے بچے کوجنم دے دیا، اسپتال عملے نے حاملہ خاتون کواسپتال سے باہر نکال دیا ، جس پرخاتون نے اسپتال کے باہرگندے نالے میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حاملہ خاتون کے شوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ سیدو شریف اسپتال کے ڈاکٹرز نے شدید تکلیف کے باوجود میری بیوی کواسپتال سے باہر نکال دیا۔

جس پرخاتون نے باہر اسپتال کے قریب گندے نالے میں ہی بچے کوجنم دے دیا۔ بچے کوجنم دینے والی خاتون کے شوہر نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ سیدو شریف اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ۔واضح رہے خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے پچھلے پانچ سال بھی کے پی میں حکومت کی اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا دعویٰ ہے کہ خیبر پختونخواہ کی حالت زار بدل دی ہے۔

اب عوام کوخیبر پختونخواہ میں صحت وتعلیم کی بنیادی سہولتیں میسر ہیں۔ جبکہ عوام کوتھانوں میں بھی انصاف مل رہا ہے کیونکہ خیبر پختونخواہ میں اصلاحات کے ذریعے پولیس کا نظام تبدیل کردیا ہے۔ تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء کے بعد وفاق، پنجاب ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں حکومت بنا لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجا ب میں بھی خیبرپختونخواہ کی طرز کا پولیس کا نظام لیکر آئیں گے جبکہ پنجاب میں خیبر پختونخواہ کی طرز پرہی لوگوں کوتعلیم وصحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

عمران خان کے خیبرپختونخواہ میں تبدیلی کے دعوے کے برعکس خیبر پختونخواہ کے متعدد سکول اور اسپتال بنیادی سہولتوں سے آج بھی محروم ہیں۔ سیدو شریف جیسے اسپتالوں کی مثالیں سامنے ہیں۔ صرف چند اسپتالوں کے علاوہ مریضوں کو اسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں۔ جبکہ سکولوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔ بڑے شہروں میں توکام کیے گئے لیکن صوبائی دارلحکومت سے دور دراز ایسے علاقے بھی ہیں جہاں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی حکومت کا سایہ تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ واضح رہے اس طرح کے واقعات سندھ اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں بھی سامنے آچکے ہیں۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں