سوات میں اختیارات کی سول انتظامیہ کو منتقلی تاریخی موقع ہے، محمود خان

پاک فوج نے عوام کی حمایت سے شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 14:50

سوات میں اختیارات کی سول انتظامیہ کو منتقلی تاریخی موقع ہے، محمود خان
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہسوات میںقیام امن کے بعد پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کو اختیارات کی باقاعدہ طور پر منتقلی ایک تاریخی موقع ہے جو سوات کے عوام کو محفوظ اور روشن مستقبل کی نوید دے رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار محمود خان نے سوات کی سول انتظامیہ کو اختیارات کی منتقلی کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب پیر کو منعقد ہوئی جس میں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عزیز احمد بٹ ،آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین اور جی او سی سوات میجر جنرل خالد سعید سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک دہائی قبل اس خوبصورت وادی پر ملک دشمن عناصر نے تسلط جمانے کی کوشش کی ، دہشت گردوں نے ہمارے معصوم عوام پر جو مظالم ڈھائے وہ بذات خود ان کے عینی شاہد ہیں،وہ دور سوات کے عوام کیلئے ایک سیاہ ترین دور تھا مگر ان کا حوصلہ اور سوات کو پر امن بنانے کا عزم مثالی رہا۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہاکہ دہشت گردوں نے سوات کے سماجی اور معاشی نظام کو بے دردی سے تہس نہس کیا ، ہمارے تدریسی ادارے تباہ کئے گئے، خواتین پر نا جائز پابندیاں لگائی گئیں اور بے گناہ لوگوں کو مارا گیا،دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہو گیا تھا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاک فوج، پولیس اور سوات کے عوام نے مل کر سوات کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں، عوام اور ادارے زندہ قوم بن کر دہشتگردی کے سامنے نا قابل شکست دیوار ثابت ہوئے، خصوصاًً پاک فوج نے عوام کی حمایت سے شجاعت کی جو لازوال داستانیں رقم کیں ان کی مثال نہیں ملتی، محمود خان نے کہا کہ آپریشن کے بعدبھی پاک فوج نے سوات میں حکومتی رٹ بحال کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرمیاں جاری رکھیں اوراپنے عوام دوست رویئے کی بدولت یہاں کے عوام کے دل جیتے، اب پاک فوج کے تعاون سے پولیس اور دیگر سول ادارے سوات کی حفاظت کیلئے مکمل طور پر تیار ہو چکے ہیں اور سوات کی سول انتظا میہ گزشتہ چند برسوں سے یہاں کا نظام احسن طریقے سے چلا رہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوات کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہم ترقیاتی سکیموں کا آغاز کر چکے ہیںاور پولیس اور سول اداروں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔تقریب میں سوات آپریشن کے 11 سال بعد فوج نے سول اختیارات باقاعدہ طور پر سول انتظامیہ کے حوالے کر دیئے ،انتظامی اختیارات کی منتقلی کی یاد داشت کورکمانڈر نے وزیراعلیٰ کے حوالے کی جبکہ سول اختیارات کے حوالگی کا نشان کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ریجنل پولیس آفیسر کے حوالے کیا گیا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں