سوات کو دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے، امن بحال ہو چکا ،

عوام اور فوج کی قربانیوں اور عزم و حوصلے نے دہشت گردوں کو شکست دی کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ کا تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 14:50

سوات کو دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے، امن بحال ہو چکا ،
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کہاہے کہ پاک فوج نی4 ماہ کے آپریشن میں سوات سے دہشت گردوں کا صفایا کیا اور اس کے بعد مرحلہ وار یہاں عوام کی آباد کاری کی گئی، وہ پیرکو اختیارات کی سوات سول انتظامیہ کو منتقلی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ سوات میں دہشت گردوں کی موجودگی کے دوران وادی سوات کی عوام نے انتہائی بھیانک حالات کا سامنا کیا تاہم یہاں کے عوام نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ بھی کیا اور اس دوران دہشت گردوں سے نجات کیلئے یہاں کے 35 لاکھ افراد کو ہجرت پر مجبور ہونا پڑا ، انھوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ سوات میں امن بحال ہو چکا اور ترقی کا سفر جاری ہے، کورکمانڈر نے کہا کہ آج کے بعد سوات میں معمول کے امور کی انجام دہی سے متعلق بنیادی ذمہ داری انتظامیہ اور پولیس کی ہوگی اور سرحدات کا تحفظ پاک فوج کرے گی، کور کمانڈر نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور اس کے دیگر ادارے چوکنا رہیں گے، انھوں نے کہا کہ دہشت گرد سرحد کے اس پار سے پاکستان میں دہشت گردی کی ناکام کوششیں کررہے ہیں ‘ انہوں نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر خار دار تار لگا کر سرحد کو محفوظ بنایا جارہا ہے، تاکہ دہشت گردوں کا راستہ مکمل طور پر روکا جا سکے ۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں