ایک مرتبہ پھر شدید زلزلے نے زمین لرزا دی

سوات، شانگلہ اور خیبرپختونخواہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 5 اکتوبر 2019 20:37

ایک مرتبہ پھر شدید زلزلے نے زمین لرزا دی
سوات (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اکتوبر2019ء) ایک مرتبہ پھر شدید زلزلے نے زمین لرزا دی، سوات، شانگلہ اور خیبرپختونخواہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختوںخواہ کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز بھی دوبارہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ کے تباہ کن اور خوفناک زلزلے کے بعد اور کافی دن گزر جانے کے باجود آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

شدید آفٹر شاکس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ ہفتے کے روز بھی سوات، شانگلہ، دیر بالا سمیت خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گزشتہ زلزلے سے پریشان حال لوگ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کرنے پر انتہائی خوف زدہ حالت میں باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

(جاری ہے)

تاہم ہفتے کے روز محسوس کیے جانے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خوفناک زلزلے نے آزاد کشمیر میں تباہی مچا دی تھی۔ آزاد کشمیر کے ضلع میرپور اور قریبی قصبے جاتلاں میں عمارتیں، مکانات اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ آزاد کشمیر کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 5.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ مرکز جہلم سے پانچ کلومیٹر شمال میں تھا۔ آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے شمالی علاقوں اس زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ اس حوالے سے ماہرین نے بھی پیشن گوئی کی تھی کہ آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہے گا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں