سوات میں 45 سالہ خاتون نے شادی سے انکار پر آدمی کو گولی مار کے قتل کردیا

نیلم نامی خاتون نے بازار میں فائرنگ کر کے مبینہ طور پر 40 سالہ دکاندار کو قتل کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 1 جولائی 2020 22:31

سوات میں 45 سالہ خاتون نے شادی سے انکار پر آدمی کو گولی مار کے قتل کردیا
سوات (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون 2020ء) : سوات میں خاتون نے شادی سے انکار پر آدمی کو گولی مار کے قتل کردیا، خاتون نے بازار میں فائرنگ کر کے مبینہ طور پر دکاندار کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوات کے بریکوٹ مینا بازار میں خاتون کی فائرنگ سے مبینہ طور پر 40سالہ دکاندار قتل ہوگیا ہے۔ دکاندار کو قتل کرنے کے فوراََ بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا ہے اور خاتون پولیس کی تحویل میں ہے۔

پولیس کے مطابق 45سالہ ملزمہ نیلم نے 40سالہ حسین علی کو شادی سے انکار پر قتل کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیلم نامی خاتون جس کی عمر 45سال بتائی گئی ہے وہ 40سالہ دکاندار حسن علی سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن حسن علی نے شادی سے انکار کردیا جس پر خاتون اشتعال میں آگئی اور اس نے بازار کے اندر فائرنگ کر کے حسن علی کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حسن علی گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق پوگیا جس کے بعد قاتلہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اکثر سننے میں آتا ہے لڑکی کی جانب سے شادی سے انکار پر لڑکے نے خاتون کو قتل کردیا یا تیزاب گردی کا نشانہ بنادیا لیکن یہ ایک منفرد واقعہ ہے جس میں خاتون نے شادی سے انکار پر ایک مرد کو قتل کردیا جبکہ خاتون اور مرد عمر کے حساب سے بھی کافی بڑے تھے۔

اس سے قبل ملک میں تیزاب گردی کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جہاں کسی نوجون نے لڑکی کے چہرے پر تیزاب گرا کر اسے جلا دیا یا پھر جان سے ہی مار ڈالا، ان واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اور مختلف این جی اوز کام کر رہی ہیں لیکن اب محسوس ہوتا ہے کہ مردوں کے حقوق اور تحفظ کیلئے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں