کھیلوں کو سیاست سے پاک کرنا حکومت اور آرگنائزر کی ذمہ داری میں شامل ہے، حاجی نواب خان

اتوار 11 اکتوبر 2020 13:00

سوات۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2020ء) : مانیار فٹ بال کلب صدر و تحریک انصاف کے مقامی رہنما حاجی نواب خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے پاک کرنا حکومت اور آرگنائزر کی ذمہ داری میں شامل ہے، ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ہمیں سفارشی اور پرچی کلچر کو ختم کرنا ہوگا۔ مانیار فٹ بال کلب سوات وزیراعظم عمران خان کپ فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی منصوبہ بندی تیار کررہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فٹ سال کوچنگ کورس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انٹرنیشنل کوچ حق نواز، پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر عدنان احمد ملک، اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویراحمد، پنجاب فٹ سال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری، چوہدری منیر احمد، خیبر پختونخوا فٹ سال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری معین الدین اور سوات فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر افرا سیاب بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کورس کا انعقاد خوش آئند بات ہے اور ایسے دیگر کھیلوں کے کورسز کا انعقاد ملک میں بہت ضروری ہے، جس سے کھیلوں کے نئے نئے قوانین سیکھنے کا موقع ملتا ہے حاجی نواب خان نے پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے بانی عدنان احمد ملک کی ملک میں فٹ سال کے کھیل کی ترقی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ ملک میں فٹ سال کا کھیل زندہ ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ سال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے، اگر ان کھلاڑیوں کو دیگر کھیلوں کی طرح حکومت سہولیات فراہم کرے تو یہ کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کھیلیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں، اس وقت ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کو اپنا کرادار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ مانیار فٹ بال کلب سوات وزیراعظم عمران خان کپ فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی منصوبہ بندی تیار کررہی ہے، جس کی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں