خطے میں امن کے قیام سے خوشحالی آئے گی، امن کے لیے قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی کا ینگ پارلیمنٹرین سے خطاب

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:57

خطے میں امن کے قیام سے خوشحالی آئے گی، امن کے لیے قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی کا ینگ پارلیمنٹرین سے خطاب
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام سے خوشحالی آئے گی، امن کے لیے قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کسی کی جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، ہم اس خطے میں امن چاہتے ہیں اور امن کا قیام خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

ان خیلات کا اظہار انہوں نے مالم جبہ سوات میں ینگ پارلیمنٹرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن آنے سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی، پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے تعمیر و ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گا، پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ سابق فاٹا کے اضلاع کے لیے پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور بہت جلد فاٹا میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پارلیمنٹرین کا کردار قابل ستائش ہے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو چیلنجر درپیش ہیں جن کے تدارک کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، ان چیلجنز کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی پارٹی کے اندر جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات بدل رہے ہیں جس کے پاکستان پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ہمیں دنیا کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا، گلوبل سیاست پر سمینار منعقد ہونے چاہئیں تاکہ سیاستدانوں سمیت عوام کو آگاہی حاصل ہو سکے۔

اسد قیصر نے کہا کہ سوات کا علاقہ بہت زیادہ جنگ زدہ علاقہ رہا ہے اس علاقے میں امن کے قیام کے لیے عوام نے قربانی دی ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری قوم جنگ سے گزری ہے جس کی وجہ سے ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، ہمیں بحیثیت پارلیمنٹرین رولز اور آئین کا پتا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان پختہ ارادہ کرتا ہے تو اللہ پاک کی مدد شامل حال ہو جاتی ہے، اچھی امید رکھنی چاہیے مثبت سوچ سے ہی انسان دنیا کا کامیاب انسان کہلاتا ہے۔

انہوں نے نوجوان پارلیمینٹیرینزپر زور دیا کہ محنت اور لگن سے کام کریں کامیابی آپ کے قدم چومے گی اور معاشرہ بھی آپ کی قدر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت کا نو سال صوبائی صدر رہا ہوں۔اسد قیصر نے کہا کہ معاشرے میں بسنے والا ہر انسان بہت اہم ہے اور وہ بہت کچھ کر سکتا ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے میں انسان کی سوچ اور نیت بنیادی اہمیت اہمیت کی حامل ہے، انسان جتنی بڑی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس انسان سے اتنا ہی بڑا کام لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے وزرائے اعظم آئے اور چلے گے تاریخ انہی کو یاد رکھتی ہے جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے، ہم نے اپنے سامنے ایک مشن اور مقصد رکھنا ہے اوراپنی منزل تک پہنچنے کے لیے مزید جدوجہد کرنی ہے۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں