سوات ریجنل پولیس ٹرینگ سینٹر کو یو این او ڈی سی کی جانب سے ’’ای لرننگ‘‘کا تحفہ

یہ خیبرپختونخوا پولیس کیلئے قائم کیا جانے والا چوتھا ای لرننگ سینٹر ہے‘ ای لرننگ جرائم کے سدباب اور تفتیش سے متعلق نصاب پر مشتمل ہے

جمعرات 18 اکتوبر 2018 14:19

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) خیبرپختونخوا کے ریجنل پولیس ٹریننگ سینٹر سوات کو اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم(یو این او ڈی سی)کی جانب سے "ای لرننگ" نصاب فراہم کیا گیا ہے تاکہ پولیس افسران کی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور قانون کے نفاذ کے مہارتوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنایاجاسکے۔

ڈی آئی جی ٹریننگ خیبرپختونخوا سید فدا حسین شاہ نے یو این او ڈی سی کی پاکستان میں نمائندہ سیزر گیڈیز کے ہمراہ سوات میں پولیس کے تربیتی مرکز میں ای لرننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ خیبرپختونخوا پولیس کیلئے قائم کیا جانے والا چوتھا ای لرننگ سینٹر ہے جبکہ یو این او ڈی سی نے پاکستان بھر میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کیلئے 56 ایسے مراکز قائم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ خیبرپختونخوا پولیس سید فدا حسین شاہ نے یو این او ڈی سی کی جانب سے ای لرننگ جیسے جدید اور تخلیقی طریقہ کار کو متعارف کرنے کی کاوشوں کو سراہا جس کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو جرائم کے سدباب، سراغ رسانی اور تفتیش کے 100سے زیادہ موضوعات پر تربیت فراہم کرتا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ نے مزید کہا کہ "ای لرننگ" یو این او ڈی سی کا ایک ایسا شاندار قدم ہے جو خیبرپختونخوا کی مخصوص صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ اور تربیت کی ضروریات کو پورا کرتا ہے کیونکہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی سمیت مختلف کثیر الجہتی داخلی سیکورٹی چیلنبجز کا سامنا رہا ہے جو صوبے کے لوگوں کی زندگی اور آزادی پر اثر انداز ہوئے ہیں۔

ان چیلنجز کے باعث یہ ضروری ہوگیا ہے کہ پولیس کو تفتیش کے جدید آلات، معلومات اور طریقوں سے لیس کیا جائے تاکہ وہ جرائم اور دہشت گردی کا مؤثر انداز سے مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے متعدد خصوصی تربیت سکول قائم کیے ہیں تاکہ جدید تربیتی نصاب اور تربیتی اداروں کو بنیادی ڈھانچوں کی بہتری کے ذریعے ان چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا میں سوات سمیت پولیس کے چار تربیتی اداروں میں ای لرننگ سینٹرز کے قیام سے پولیس افسران کو قانون کے نفاذ کے مختلف شعبوں سے متعلق معلومات کو بڑھانے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ یو این این ڈی کے پاکستان میں نمائندہ سیزر گیڈیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے ریجنل پولیس سینٹر سوات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے 56 ویں ای رننگ سینٹر کے قیام کو اقوام متحدہ کے ادارہ کی طویل کاوشوں میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یو این او ڈی سی کے ای لرننگ نصاب کو پولیس ٹریننگ سینٹر سوات میں منعقد کیے جانے والے بیسک، ایڈوانسڈ، پروموشن اور ریفریشر کورسز سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے چار مختلف تربیتی اداروں میں ای لرننگ سینٹرز کے قیام کے بعد اب 5000سے زائد پولیس اہلکاروں کو پولیس کے بنیادی فرائض اور قانون کے نفاذ سے متعلق تربیت فراہم کرتے ہوئے ان کی کارکردگی میں موجود خامیوں کو پٴْر اور ان کی دانشورانہ صلاحیت کو بڑھایا جا سکے گا۔ یو این او ڈی سی کے پاکستان میں استعداد دہشت گردی کے پروگرام (PACT) کے تحت حاصل کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کے تناظر میں دہشت گردی کے سدباب اور دہشت گردی سے متعلق کیسوں کی تفتیش اور عدالتی کارروائی کے طریقہ کار کو مستحکم بنانا ہے۔

اقوام متحدہ کے نمائندہ نے کہا کہ یو این او ڈی سی دہشت گردی کے واقعات کی تفتیش، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے، انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق خصوصی تربیتی ماڈیولز تیار کر رہا ہے جنہیں خیبرپختونخوا پولیس کے تمام خصوصی تربیتی سکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تحت یو این او ڈی سی نے خیبرپختونخوا پولیس اور پراسیکیوشن کے محکمہ کیلئے گواہوں کے تحفظ، دہشت گردی کے سدباب کیلئے خطرات کے تجزیہ اور متحرک طرز عمل جیسے موضوعات پر مختلف تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی دہشت گردی سے جڑے ہوئے چیلنجوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوششیں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے درمیان سنگین جرائم اور دہشت گردی سے مقابلہ کے ضمن میں بین الادارتی اور بین الصوبائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا اور انسانی حقوق سے ہم آہنگ عدالتی کارروائی کو بھی فروغ ملے گا۔ سیزر گیڈیز نے ان کامیابیوں کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت حکومت پاکستان کے ساتھ مل کرانصاف، منشیات اور منظم جرائم کے سدباب سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

یو این او ڈی سی کے نمائندہ نے ڈی آئی جی ٹریننگ کے ہمراہ پولیس تربیتی مرکز سوات میں یو این او ڈی سی کی جانب سے رول آف لا پروجیکٹ کے تحت کرائم سین انویسٹی گیشن لیبارٹری، لیکچر اور کانفرنس رومز سمیت قائم کی گئی تربیتی سہولیات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈی ایس پی پروموشنل کورس کے تحت ای لرننگ ماڈیولز کی کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں میں اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر سوات کے احاطہ میں ایک پودہ بھی لگایا۔ ریجنل پولیس سینٹر سوات میں ای لرننگ سینٹر یو این او ڈی سی پاکستان کنٹری پروگرام II(2016-2019) کے تحت قائم کیا گیا ہے اور اس میں یورپی یونین اور حکومت ڈینمارک کی معاونت حاصل ہے۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں