ڈبلیو ایس ایس سوات نے نئی ڈمپنگ سائٹ پر کام شروع کردیا

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:43

سوات۔09 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات نے نئی ڈمپنگ سائٹ کی تیاری پر کام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دریائے سوات کے کنارے پرانی ڈمپنگ سائٹ سے کچرا ہٹانے اور صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے گزشتہ ہفتے میڈیا پر آنے والی رپورٹس جن میں کچرا دریائے سوات کے کنارے ڈالنے کی نشاندہی کی گئی تھی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں ڈبلیو ایس ایس سی سوات اور محکمہ بلدیات کو ہدایات جاری کی تھیں کہ دریا کے کنارے جگہ کو صاف کیا جائے جبکہ کچرا دوسری جگہ پر ڈالا جائے۔

وزیرِ بلدیات کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس سی سوات نے کوترو میرا سوات میں نئی ڈمپنگ سائٹ کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے جو کہ 62 کنال پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

نئی ڈمپنگ سائٹ کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا جس سے نہ صرف کچرا محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے گا بلکہ اس سے صاف ماحول پر بھی کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔

ڈبلیو ایس ایس سی سوات 9 یونین کونسلز کا 80 فیصد سے زائد کچرا اٹھاتی ہے جو کہ 120 سے 130 ٹن بنتا ہے۔ ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے افسران کے مطابق نئی ڈمپنگ سائٹ پر تیزی سے کام جاری ہے جو کہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسری طرف دریائے سوات کے کنارے موجود ڈمپنگ سائٹ سے کچرا ہٹانے اور صفائی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایس ایس سی افسران کے مطابق نائٹ آپریشن کے ذریعے شہر بھر کی یونین کونسلز سے کچرا اکٹھا کرکے نئی لینڈ فل سائٹ پر ڈمپ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں