پختونخوا ریڈیو سوات ایف ایم 98 کی جانب سے موجودہ حالات کی تناظر میں سپیشل ٹرانسمیشن کے طورپر نشریات اور ’’ریڈیو کلینک‘‘ کا سلسلہ جاری

بدھ 8 اپریل 2020 23:07

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) پختونخوا ریڈیو سوات ایف ایم 98 کی جانب سے موجودہ حالات کی تناظر میں سپیشل ٹرانسمیشن کے طورپر نشریات اور ’’ریڈیو کلینک‘‘ کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز کے پروگرام میں ڈی ایم ایس سیدو شریف کیجولٹی ہسپتال محمد سلیم اور بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر عبداللہ نے کہا ہے کہ کورونا بیماری سے بچائو علاج سے زیادہ احتیاطی تدابیر کا متقاضی ہے ، لوگ ڈرنے کی بجائے اپنے آپ،اہلخانہ اوراپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، موجودہ حالات میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کو محفوظ رکھنے کے لئے ہاتھوں کی صفائی سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کو عادت بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگرا م کے میزبان فضل خالق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جن ممالک کے لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا ان کو کم نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن اٹلی سمیت جن ممالک کے لوگوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا وہ تا حال اس وباء سے پریشانی کا شکار ہیں ، ڈاکٹر عبداللہ نے لوگوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سامعین کو صحت کے حوالے سے مفید مشورے دیئے اوربیرون ممالک سے آنے والے افراد کو خصوصی طورپر ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ رضاکارانہ طورپر اپنی سکریننگ اور ٹیسٹ کرائیں تاکہ وہ خود اور ان کے پیارے اس موذی وباء سے محفوظ رہ سکیں ، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر لوگوں نے موجودہ حالات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو اللہ نہ کرے ہمارے حالات بھی بدتر ہوسکتے ہیں اور پھر ان حالات میں ہمارے لئے اس وباء کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں