سوات، منشیات فروشوں کے خلاف آواز اٹھانے والا نوجوان قتل، لواحقین کا احتجاج

منگل 9 نومبر 2021 22:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2021ء) خیبرپختون خواہ کے ڈویڑن ملاکنڈمیں منشیات اور جرائم کے خلاف آواز اٹھانے والے معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ محمد زادہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وادی سوات کے علاقے درگئی میں واقع سخاکوٹ میں گھر کے باہر بیٹھے محمد زادہ کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیوں سے چھلنی کردیا۔

اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کے مطابق محمد زادہ منشیات فروشوں اورجرائم پیشہ افرادکیخلاف آواز اٹھارہے تھے اور وہ اس حوالے سے خاصے متحرک نظر آتے تھے۔وزیراعلی خیبرپختون خواہ نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا، اس کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی کو عہدوں سے ہٹا کر نئے افسران کو تعینات کردیا۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں نے قتل کے بعد احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔اہل خانہ نے بتایا کہ محمدزادہ کھلی کچہریوں میں منشیات فروشی اور جرائم کے خلاف آوازبلندکرتے رہے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ پرمنشیات فروشوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا تھا۔آخری اطلاعات آنے تک لواحقین کا لاش کے ہمراہ سڑک پر احتجاج جاری تھا، مظاہرین نے ایف آئی آر میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو نامزد کرنے اور اٴْن کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں