اتحادی جماعتیں اقتدار نہ سنبھالتیں تو پاکستان دیوالیہ اور ڈالر 400 روپے سے تجاوز کرجاتا،وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام کا سوات میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 6 اگست 2022 16:52

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ اگر اتحادی جماعتیں اقتدار نہ سنبھالتیں تو پاکستان دیوالیہ اور ڈالر 400 روپے سے تجاوز کرجاتا،ہم نے حکومت میں آکر مشکل فیصلے کئے،ہم حکومت نہ سنبھالتے تو ڈالر 400 روپے سے اوپر چلاجاتا،آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ عمران خان نےکیا،ایک سال کے لئے ایسی مشکل صورتحال میں اتحادی جماعتوں کی حکومت میں آنے کی خواہش نہیں تھی،ملک کو مشکل حالات میں دیکھتے ہوئے حکومت سنبھالنے پرراضی ہوئے،ہم ملک کی بہتری کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کررہے ہیں،ملک کوبحرانوں سے نکالیں گے۔

ہفتہ کو سوات میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ ہمارے لیڈر نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تو انہیں اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا جبکہ دوسری طرف صادق وامین بری طرح بے نقاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مشکل دور میں ہماری اوراتحادی جماعتوں کی یہ خواہش نہیں تھی کہ ایک سال کے لئے اقتدار میں آئیں،اس وقت کاوزیر اعظم عمران مسلسل جھوٹ بولنے،دوسروں کو برابھلا کہنے کے علاوہ کچھ کارکردگی نہیں دکھا رہا تھا،اس کا کوئی ایجنڈا اور پروگرام نہیں تھا اس کا دور بدترین دور تھا،تو پھر ایک جمہوری انداز میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سنبھالیں،اگر وہ آج یہاں رہتا تو پاکستان دیوالیہ ہوچکا ہوتا،کیونکہ سب کا اتفاق تھا کہ پاکستان ہوگا تو ہم سب ہوں گے،پاکستان کی یہ خوش قسمتی ہے کہ اسے شہبازشریف جیسا لیڈر اوروزیراعظم ملا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک مملکت کے سربراہ کے طور پر آئی ایم ایف اور دیگر اداروں سے معاہدے کئے اور پاکستان کی حکومت ان معاہدوں پر عملدرآمد کی پابند ہے۔آئی ایم ایف سے معاہدوں میں واضح لکھا ہے کہ عوام کوکوئی سبسڈی نہیں دیں گے،اگر قائد نوازشریف کی یہ خواہش ہو یا وزیراعظم سبسڈی دینا چاہے بھی تو ان معاہدوںکی وجہ سے نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ کاشکریہ ادا کرتے ہیں کہ شہباز شریف کی صورت میں وزیراعظم دیا جس نے آئی سی یو میں پڑی معیشت کو سنبھالا دیا،وہ سیلاب متاثرین کے پاس چل کرجارہے ہیں،وہ دنیا اور ملکی سطح پر ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کےلئے کوشاں ہے،اللہ کی مدد سے پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا عوام نے بڑے دعوے اور جھوٹ بولنے والےعمران خان کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا، فنانشل ٹائمز ،ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں یہ بڑے چور ثابت ہوئے،بیرون ملک سے فنڈنگ لی،پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی وجہ،سی پیک میں تاخیر کی اب بچے بچے کو سمجھ آگئی ہے،یہ اتنی دلیری سے جھوٹ بولتا ہے کہ لوگ حیران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیہ پر عوام کو گمراہ کرنے والا چور ڈاکوثابت ہوگیا اب اس کے حق میں نعرے پاکستان اور ملک کے خلاف نعرے ہیں۔انہوں نےکہا کہ عمران خان پر چوری اورڈاکے ثابت ہونے کے باوجود عمرا ن خان کا کیسے ساتھ کوئی دے سکتا ہے،اس کی چوری کی تحقیقات ادارے بھی کریں گے۔کے پی کے کی عوام اس کے خلاف سڑکوں پرنکلے اور بتائے کہ کسی چور کوسیاست کا حق نہیں۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں