تلہ گنگ کے قریب بس حادثہ، 3 مسافر جاں بحق، 13 مسافر زخمی، بس مانسہرہ سے کراچی جا رہی تھی کہ کوٹ قاضی کے قریب الٹ گئی

منگل 13 نومبر 2018 12:57

تلہ گنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) مانسہرہ سے کراچی جانے والی بس تلہ گنگ کے قریب میانوالی روڈ پر کوٹ قاضی کے قریب الٹ گئی،حادثے میں 3 مسافرجاںبحق، 13 مسافر زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق بس مانسہرہ سے کراچی جا رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی طرف سے ریسکیو گاڑیاں اور 2 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

حادثے کے دوران کراچی کی رہائشی 25 سالہ بشریٰ دختر سلیم، عاقل محمد ولد اختر ساکن کراچی اور ایک 27 سالہ نامعلوم خاتون موقع پر جاں بحق ہوئیں، اس طرح حادثہ میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 9 شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان اور ایمرجنسی آفیسر رانا سعید احمد نے تمام امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ ڈاکٹر عتیق احمد خان نے بتایا کہ 13 مسافروں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے تین مسافروں آغا محمود، گلاب زرین اور محمد ریاض کو متعلقہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔

دیگر زخمیوں میں سعیدہ بی بی، محمد ریاست، سردار ذوالفقار، خطیب شاہ، محمد یار، سکینہ بی بی شامل ہیں جنہیں ریسکیورز نے ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ہسپتال پہنچایا۔

تلہ گنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں