بھارت نے جنگ کا راستہ اختیار کیا تو مشرقی پاکستان سمیت بھارت کے سارے قرض چکا دینگے‘سردار عتیق احمد خان

مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی پورے عروج پر ہے ‘ بھارت اس تحریک کو دبانے کیلئے اندھے تشدد کا راستہ اپنا کر جنوبی ایشیاء کے امن اور مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے

پیر 25 فروری 2019 16:05

تلہ گنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ کا راستہ اختیار کیا تو مشرقی پاکستان سمیت بھارت کے سارے قرض چکا دینگے ۔ وہ گزشتہ روز تلہ گنگ میں معروف بزنس مین سجاد حسین کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی پورے عروج پر ہے ۔

بھارت اس تحریک کو دبانے کے لئے اندھے تشدد کا راستہ اپنا کر جنوبی ایشیاء کے امن اور مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک نے بھارت کے موقف کو پذیرائی نہیں بخشی ‘یہ بھارت کے موقف کی شکست ہے ۔ ایسی صورتحال نے نریندر مودی کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا اب اٹوٹ انگ کے ڈھونگ کو تسلیم نہیں کررہی ۔ کشمیر کو ایک مسئلہ سمجھا جارہا ہے اور اسے مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اب اپنا رول بڑھا کر کشمیر میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے اقدامات کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کے حوالے سے جو پالیسی اپنا رکھی ہے اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہورہے ہیں وہ کسی طور پر بھی خود کو تنہا سمجھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر کشمیر کی خصوصی شناخت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تو خطہ مزید تباہی کی طرف جائے گا۔

تلہ گنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں