جعلسازی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا

دیوان سچانند نے کاروباری لین دین پر سیٹھ ایوب راجپوت نامی ایک شخص کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جو باؤنس ہوگیا تھا

جمعرات 3 جنوری 2019 15:21

ٹنڈو آدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) ٹنڈوآدم کی مقامی عدالت نے جعلسازی کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔دیوان سچانند نے کاروباری لین دین پر سیٹھ ایوب راجپوت نامی ایک شخص کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جو باؤنس ہوگیا تھا۔جس کے بعد سیٹھ ایوب راجپوت نے دیوان سچا نند کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

یہ کیس کافی عرصے تک چلتا رہا جبکہ رکن سندھ اسمبلی اس دوران ضمانت پر رہا رہے۔

(جاری ہے)

جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنڈو آدم کامران کلہوڑو کی عدالت میں دیوان سچا نند کے خلاف جعلسازی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا کا حکم سنایا، جس کے بعد ملزم کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔واضح رہے کہ دیوان سچا نند مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔گرفتاری کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں دیوان سچا نند نے کہا کہ یہ کیس غلط تھا ،ْبہرحال عدالت نے سزا سنائی ہے تاہم وہ اس کے خلاف اپیل کریں گے۔دیوان سچا نند کا کہنا تھا کہ وہ جمعہ کو ضمانت کرالیں گے۔

ٹنڈو آدم میں شائع ہونے والی مزید خبریں