ٹنڈوآدم میں آٹے کا بحران، آٹا 65 تا 70 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا

ہفتہ 20 فروری 2021 23:32

ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2021ء) ٹنڈوآدم میں آٹے کا بحران آٹا 65 تا 70 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، چکی مالکان کا محکمہ خوراک کے حکام کے خلاف مظاہرہ نعرے بازی، کوٹا ہڑپ کرنے کا الزام، تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم میں آٹے کا بحران بدستور برقرار ہے آٹا 65 تا 70 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جس کے باعث غریب طبقہ سخت مشکلات کا شکار ہے آٹا چکی مالکان کی جانب سے کوٹا نہ ملنے پر محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) اور مقامی فوڈ گودام کے کے انچارج کیخلاف نور خان راجپوت، اشرف مغل، جمن کوری، غلام رسول ڈاہری اور دیگر کی سربراہی میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اس موقع پر ان چکی مالکان نے نے شکایت کی کہ محکمہ خوارک کے حکام نے ہمارا کوٹا مبینہ طور پر فروخت کرکے بڑا پیسہ کمایا ہے انہوں نے کہا کہ 15 دن میں فی چکی کو 44 بوریاں دینی ہیں مگر ہمیں صرف 16 بوریاں دی جارہی ہیں اور اس پر بھی 500 روپے فی بوری پر رشوت لی جارہی ہے جسکی وجہ سے ہم اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے پر مجبور ہیں مہنگی گندم کی خریداری کی وجہ سے آٹا مہنگا ہوتا ہے کئی مرتبہ احتجاج کیا شکایات کیں مگر کوئی نہیں سنتا انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چکی مالکان کو کوٹے کے مطابق گندم فراہم کی جائے بصورت دیگر دھرنے بھی دینگے اور عدالت سے رجوع کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو آدم میں شائع ہونے والی مزید خبریں