ضلع ٹنڈوالہیار میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 20:18

ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) ضلع ٹنڈوالہیار میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ وطن کی آزادی کا دن منانے کے سلسلے کی خاص تقریب ڈپٹی کمشنر آفیس کے احاطے میں منعقد کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار سید محمد سجاد حیدراور ایس ایس پی ٹنڈوالہیار عمران ریاض نے قومی پرچم لہرایا اورملک کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارنے گارڈ آف آنر کا بھی معائنہ کیا۔ تقریب میںسرکاری محکموں کے ضلعی افسران، معزز شہریوں، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں طلبہ و طالبات کی جانب سے قرات، نعت، ملی نغمے، تقریری مقابلے پیش کئے گئے۔ جشن آزادی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار سید محمد سجاد حیدر نے شرکت کرنے والے تمام افراد کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ وطن حاصل کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں نے تدبر سے ایک مسلسل جدوجہد کی اور قربانیاںدیں اور ہم سب کو اس ملک کی ترقی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ پاکستان دنیا کے انتہائی ترقی یافتہ ملکوں میں شامل ہو جائے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم صحیح سمت میں مکمل جذبے کے ساتھ گامزن ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں عصبیت سے دور رہنا چاہئے۔ سید محمد سجاد حیدر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہوسکے جس میں برداشت، صبر اوربھائی چارہ ہو۔ انہوں نے صبر اور برداشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پڑھے لکھے اور ترقی یافتہ معاشروں میں ایک دوسرے کے موقف کو سننے اور دلیل کی اہمیت ہوتی ہے اور ہمیں بھی ایسے ہی معاشرے کی تعمیر کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔

سید محمد سجاد حیدر نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے اور ہم سب کو عہد کرنا چاہئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کی زندگی اور ان کے پیغام کو اپنا نصب العین بنائینگے۔ قبل ازیں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار عمران ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صلاحیتوں اور جذبے کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے وطن کا مستقبل بہت تابناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور شاندار مستقبل کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایس ایس پی ٹنڈوالہیار نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج آپ کی حفاظت کے لئے دن رات مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن بچوں نے اس جشن آزادی کا دن منانے کے سلسلے میں حصہ لیا ہے میں ان سے ملاقات کرونگا جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی جائونگااور ان کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

اس تقریب میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈوالہیا، برائیٹ فیوچر اسکول نصرپور، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈوالہیار، کے کے ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈوالہیار، دی ہنر فائونڈیشن راشد آباد، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول مدینہ کالونی اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول چمبڑ ناکہ کے طلبہ و طالبات نے تقریب میں تقاریر، ٹیبلوز، جوڈو کراٹے اور دوسرے آئٹم پیش کئے۔

تقریب کے آخر میں نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔جبکہ ٹنڈوالہ یار کے مارکیٹ ایریا میں تاجر اتحاد کے صدر عبدالحمید قریشی کی جانب سے پاکستان کی آزادی کی 71ویں سالگرہ کاکیک کاٹا گیا جبکہ حق سنگت گروپ کے امتیاز خاصخیلی ، ماجد پتافی ، علی حسن تہرانی نیشن ہیومن رائٹس کے رہنماء عدنان شاہ ، امجد شاہ رضوی ، عدنان شاہ نے الگ الگ ریلی کا انعقاد کرکے پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا کی

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں